’سعودی عرب سے مؤخر ادائیگی پر تیل کی فراہمی کا معاہدہ تکمیل کے قریب‘
جمعرات 30 ستمبر 2021 13:52
شوکت ترین کا کہنا تھا کہ خام تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے کے بعد پاکستان نے سعودی عرب سے درخواست کی۔ فوٹو: اے پی پی
پاکستان کے وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب پاکستان میں تیل صاف کرنے والا کارخانہ لگانے پر غور کر رہا ہے۔‘
ریڈیو پاکستان کے مطابق بدھ کو انہوں نے یہ بات قومی اسمبلی کے اجلاس میں ایک سوال کے جواب میں کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب ایک بار پھر مؤخر ادائیگی پر پاکستان کو تیل فراہم کرنے پر غور کر رہا ہے۔‘
وزیر خزانہ شوکت ترین نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ ’سعودی عرب کے ساتھ تیل کی فراہمی کا معاہدہ تکمیل کے قریب ہے۔ دو سے تین روز میں تفصیلات سامنے آجائیں گی۔‘
شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ’خام تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے کے بعد پاکستان نے سعودی عرب سے مؤخر ادائیگی پر تیل فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔‘
خیال رہے کہ یہ پیش رفت ایک ایسے موقع پر ہوئی ہے جب عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں اضافے سے پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی آ رہی ہے اور تجارتی خسارے کی وجہ سے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی ہوئی ہے۔
2018 میں سعودی عرب نے پاکستان کے زبرمبادلہ کے ذخائر کو مسحتکم کرنے کے لیے تین ارب ڈالر نقد فراہم کرنے کے علاوہ تین ارب ڈالر کا مؤخر ادائیگیوں پر تیل فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ ’یقین دلاتا ہوں یہ وزیر خزانہ کہیں نہیں جا رہا، پہلے بھی وزیر خزانہ اور سینیٹر رہ چکا ہوں، مجھے سینیٹر بنانے کی کوشش ہورہی ہے۔ یہ وزیر خزانہ تو تنخواہ بھی نہیں لیتا۔‘
قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریری جواب میں وزیر خزانہ شوکت ترین نے بتایا کہ ’ایف بی آر کے نظام کو مستقل بنیادوں پر اوسطاً ایک ماہ کے دوران تقریبا 71 ہزار بار سائبر حملوں کا نشانا بنایا جاتا ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ’یہ حملے گذشتہ دو برسوں میں تیزی سے بڑھے ہیں۔ ہیکنگ کمیونٹی کے پاس موجود ٹولز اور طریقے زیادہ طاقت ور اور جدید ہیں۔‘