Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سروس ڈاؤن ہونے پر ٹوئٹر کا طنز برانڈز میں لفظی جنگ چھیڑ گیا

فیس بک کی ملکیتی ایپس کی سروس پیر کی شام کو ڈاؤن ہوئی ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
انٹرنیٹ کی دنیا میں خدمات فراہم کرنے والا کوئی بھی ادارہ ہو مسلسل لائیو رہنا اور صارفین کو ضائع ہونے سے روکنا اس کی ترجیح اول ہوتی ہے۔ اگر ویب سائٹ یا ایپلیکیشن کا تعلق سوشل میڈیا سے ہو تو ایسے میں ہر وقت سروس کا آن رہنا مزید حساسیت اختیار کر جاتا ہے۔
پیر کی شب پاکستانی وقت کے مطابق آٹھ بجے کے بعد امریکی ٹیکنالوجی کمپنی فیس بک کی ملکیتی ایپس واٹس ایپ، انسٹاگرام اور خود فیس بک کی سروس متاثر ہوئی۔ تینوں کی ایپلیکیشن، ڈیسک ٹاپ ورژن اور سرور کنیکٹیویٹی متاثر ہوئی تو پاکستان سمیت دنیا بھر سے صارفین نے معاملے کی شکایت کی۔
سوشل میڈیا کی دنیا میں اچانک سروس کی بندش نے بہت سے افراد کو متبادل پلیٹ فارمز کی جانب راغب کیا تو کچھ ہی دیر میں ڈاؤن ہونے کی وجہ معلوم کرنے کے ساتھ ساتھ پلکا پھلکا طنزومزاح شروع ہو گیا۔
صارفین کی جانب سے طنز ومزاح کا سلسلہ بڑھا تو مقابل میسیجنگ ایپس سگنل اور بپ نے بھی نام لیے بغیر واٹس ایپ کو آڑے ہاتھوں لیا۔
سگنل نے اپنے پیغام میں ’سروس ڈاؤن ہونے‘ کا ذکر کیا تو لکھا کہ ’ہم جانتے ہیں کہ اس دوران کیسے کام کیا جاتا ہے۔‘

میسیجنگ ایپ بپ نے بھی صورتحال کو مزاحیہ انداز میں پیش کیا تو ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے صارفین کو یقین دلایا کہ ’بپ کے ساتھ کالز اور میسیجز استعمال کریں وہ بھی متاثر ہوئے بغیر۔‘
یہ طنزیہ گفتگو شاید میسیجنگ ایپ تک ہی رہتی لیکن اہم سوشل پلیٹ فارمز کے ڈاؤن ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کے لیے اہم مرکز بن جانے والے ٹوئٹر نے اس وقت رہی سہی کسر پوری کر دی جب ایک ذومعنی ٹویٹ کرتے ہوئے صورتحال پر اپنا تبصرہ کیا۔
ٹوئٹر کی ٹویٹ پر واٹس ایپ کے ہینڈل نے جواب دیا گیا تو مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ کے بانی جیک نے بات آگے بڑھاتے ہوئے لکھا کچھ عرصہ قبل واٹس ایپ پر تنقید کا باعث بننے والی انکرپشن کا ذکر کر ڈالا۔

فیس بک اور ملکیتی ایپس کی سروس ڈاؤن ہونے نے جہاں صارفین کو پریشان کیا وہیں میسیجنگ ایپس کی باہمی نوک جھونک نے بھی صورتحال کو دلچسپ بنائے رکھا۔
کچھ صارفین نے ٹوئٹر، واٹس ایپ اور جیک کی نوک جھونک میں دلچسپی لے کر بات آگے بڑھائی تو دیکھتے ہی دیکھتے یہ ٹویٹ مختلف ڈیجیٹل اور روایتی برانڈز کے درمیان لفظی جنگ کا میدان بن گئی۔
مکڈونلڈ نے ’ہم آپ کے لیے کیا لا سکتے ہیں؟‘ کا سوال پوچھا تو ٹوئٹر نے جواب دیا ’میرے دوستوں کے لیے پانچ کروڑ 96 لاکھ نگٹس۔‘
کے ایف سی گیمنگ نے ریپلائی میں ’ٹوئٹر کو فاتح‘ قرار دیا تو کچھ ہی دیر میں سروس کی خرابی کا شکار ہونے والی ایپ انسٹاگرام کا ٹوئٹر ہینڈل بھی ’ہائے اینڈ ہیپی منڈے‘ کہہ کر گفتگو کا حصہ بن گیا۔
ڈائبلو نامی ہینڈل نے ٹوئٹر کو خبردار کیا کہ ’تم اگلے ہو‘ جب کہ ’ٹرو کالر ایپ نے ہم پاپ کارن لائے ہیں‘ کا تبصرہ سجایا۔
مکڈونلڈ کینیڈا کے ہینڈل سے ٹوئٹر سے پوچھا گیا کہ ’آپ شہرت کو کیسے ہینڈل کر رہے ہیں‘ تو جواب میں کچھ صارفین نے لکھا ’آئس کریم مشین کے ہینڈلز سے بہتر۔‘

شیئر: