Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمر شریف کی کراچی میں تدفین کردی گئی

پاکستان کے معروف کامیڈی سٹار عمر شریف کی نماز جنازہ آج بدھ کو کراچی کے علاقے کلفٹن میں ادا کر دی گئی ہے۔ انہیں عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں دفن کردیا گیا ہے۔
منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو عمر شریف کی میت جرمنی سے کراچی پہنچی تھی جسے گلشنِ اقبال میں واقع ان کے آبائی گھر منتقل کر دیا گیا تھا۔
عمر شریف کے خاندان کے مطابق ان کی خواہش تھی کہ انہیں عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں دفن کیا جائے۔ 
اس حوالے سے سندھ حکومت نے انہیں مزار کے احاطے میں دفن کرنے کی اجازت دیتے ہوئے محکمہ اوقاف کو انتظامات کرنے کی ہدایت کی تھی۔
محکمہ اوقاف کی جانب سے عبداللہ شاہ غازی کے مزار کی نظامت پر مامور نسیم شاہ نے اردو نیوز کو بتایا تھا کہ ’محکمہ کی جانب سے اجازت نامہ اور دیگر تمام کاغذی کارروائی مکمل کر کے قبر کے لیے جگہ کا بھی انتخاب کرلیا گیا ہے۔‘
عمر شریف کچھ عرصے سے بیمار تھے اور انہیں علاج کی غرض سے بذریعہ ایئرایمبولینس امریکہ لے جایا جا رہا تھا۔ ایئر ایمبولینس معمول کے سٹاپ اوور کے لیے جرمنی میں رکی تھی جہاں سے اسے آگے امریکہ کے لیے اڑان بھرنا تھی۔
تاہم اس دوران عمر شریف کی طبیعت بگڑنے پر انہیں جرمنی کے شہر نیورمبرگ کے ہسپتال میں داخل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
کراچی میں بھی ان کی طبیعت خاصی ابتر تھی جس کے باعث انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا تھا، اور ڈاکٹروں نے بڑی سوچ بچار کے بعد ہی انہیں سفر کی اجازت دی تھی۔

شیئر: