سعودی عرب میں اندرون ملک فضائی سفر بحال ہونے کے قریب
سعودی عرب میں اندرون ملک فضائی سفر بحال ہونے کے قریب
جمعرات 7 اکتوبر 2021 18:03
فلائی ادیل نے مئی 2020 میں اندرون ملک پروازیں بحال کر دی تھیں۔ فوٹو اے ایف پی
سعودی عرب میں مسافروں کی تعداد میں اضافے کے بعد اندرون ملک فضائی سفر کی مارکیٹ بحال ہو رہی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سعودی عرب کی سرکاری ایئر لائن فلائی ادیل کے چیف ایگزیکٹیو نے جمعرات کو کہا کہ ’مسافروں کی تعداد عالمی وبا سے پہلے کی حد تک کے قریب ہونے کے بعد اندرونی فضائی سفر میں واضح بحالی دیکھنے میں آئی ہے۔‘
تقریباً تین کروڑ آبادی والے ملک سعودی عرب میں دیگر خلیجی ممالک کی بنسبت اندرون ملک فضائی سفر کی سب سے بڑی مارکیٹ موجود ہے۔ جبکہ دیگر خلیجی ممالک چھوٹے ہونے کے علاوہ صرف بین الاقوامی سروس فراہم کرتے ہیں۔
فلائی ادیل کے چیف ایگزیکٹو کون کورفیاٹس کے مطابق ’اندرون ملک فضائی سفر کی مارکیٹ جلد ہی واپس ایک سو فیصد بحال ہو جائے گی، (فی الحال) نوے فیصد کے قریب ہے۔‘
فلائی ادیل مملکت کی سرکاری سروس ’سعودی عربین ایئر لائنز‘ کی ذیلی فضائی سروس ہے جس نے مئی 2020 کے آخر میں اندرون ملک فلائٹس بحال کر دی تھیں۔
کورونا کے باعث فلائی ادیل نے مارچ میں فضائی سروسز معطل کر دی تھیں جبکہ مئی میں دوبارہ آغاز کیا تھا، اکتوبر کے مہینے تک ایئر لائن نے اپنی تمام سروسز مکمل بحال کر دی تھیں۔
فلائی ادیل چودہ شہروں میں انیس روٹس پر پروازیں چلا رہی ہے، جبکہ ایک بین الاقوامی پرواز دارالحکومت ریاض سے دبئی جاتی ہے۔
رواں سال کے دوران مزید بین الاقوامی پروازیں چلانے کا ارادہ ہے۔ ریاض سے مزید پروازیں چلانے کا منصوبہ ہے جبکہ جدہ اور دمام سے بین الاقوامی سروسز شروع کرنے کا بھی ارادہ ہے۔
فلائی ادیل کے چیف ایگزیکٹو کون کورفیاٹس کا کہنا تھا کہ سال کے آخر تک مزید چار ہوائی جہاز موصول ہو جائیں گے جن کے آرڈر 2019 میں دیے تھے۔ فلائی ادیل نے 30 ایئر بس اے 320 کے آرڈر دیے تھے جن میں سے اب تک صرف تین موصول ہوئے ہیں۔
کون کورفیاٹس کے مطابق ایئر لائن کے پاس فی الحال پندرہ اے 320 طیارے موجود ہیں جن کی لیز 2025 تک ختم ہونے پر ان کا استعمال بند کر دیا جائے گا۔
فلائی ادیل کا آئندہ سال مزید بیس اے 320 طیارے خریدنے کا ارادہ ہے تاہم ایئر لائن نے اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔
ایئر لائن کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ مزید طیاروں کی ضرورت ہے۔