Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی میں اپنا گھر سکیم کا افتتاح: ’خوشحال پاکستان عالمی افق پر ابھر رہا ہے‘

صدر پاکستان نے دبئی ایکسپو میں پاکستانی پویلین کا افتتاح بھی کیا (فوٹو: ایوان صدر ٹوئٹر)
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اور دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی ہے۔
دبئی حکومت کے میڈیا آفس کے مطابق اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان کے ایوان صدر کی جانب سے جاری کردہ تفصیل کے مطابق صدر پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم کو دبئی ایکسپو2020کے کامیاب افتتاح پر مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایکسپو2020 نہ صرف متحدہ عرب امارات بلکہ پورے خطے کے لیے ایک اہم ایونٹ ہے۔

صدر مملکت نے متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم کو پاکستان پویلین کے بارے میں بتایا (فوٹو: ایوان صدر)

صدر مملکت نے متحدہ عرب امارات میں 16 لاکھ پاکستانیوں کی میزبانی پر متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں ڈاکٹر عارف علوی نے دبئی میں ’روشن اپنا گھر سکیم‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوشحال پاکستان عالمی افق پر ابھر رہا ہے۔

تقریب سے خطاب کے موقع پر صدر پاکستان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے توقع ظاہر کی کہ وہ ملک میں سرمایہ کاری کی محفوظ پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں۔
دبئی کے دورے کے دوران ڈاکٹر عارف علوی نے دبئی ایکسپو کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے پاکستانی پویلین کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر ان کی اہلیہ ثمینہ علوی، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ 

پویلین کے منتظمین نے صدر کو انتظامات سے متعلق بریفنگ دی (فوٹو: ایوان صدر ٹوئٹر)

افتتاح کے بعد صدر پاکستان نے پویلین کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں نمائش کے دوران کیے گئے انتظامات اور پاکستانی پویلین کے مختلف فیچرز سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
 

شیئر: