’پبلک ٹرانسپورٹ میں اب ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے والے ہی سفر کرسکیں گے‘
اتوار 10 اکتوبر 2021 23:59
دوران سفر ایس او پیز کی پابندی کی جائے گی- (فوٹو عاجل)
سعودی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ اتوار سے پبلک ٹرانسپورٹ صرف وہی افراد استعمال کرسکیں گے جنہوں نے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لی ہوں گی اور توکلنا پر ان کا سٹیٹس ’محصن‘ تحریر ہوگا۔
عاجل، سبق اور اخبار 24 کے مطابق سعودی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ترجمان صالح بن ابراہیم الزوید نے اتوار کو وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر العبد العالی کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا کہ مملکت کے پبلک ٹرانسپورٹ جن میں سکول بس، پبلک بسیں، ٹرین سروس، ٹیکسی، ایپلی کیشن ٹیکسیاں، حرمین ٹرین، جازان اور فرسان کے درمیان چلنے والی فیری سروس شامل ہیں ان میں پچاس فیصد گنجائش کے ساتھ ویکسین یافتہ لوگ سفر کرسکیں گےجبکہ سفر کے دوران وزارت صحت کے مقرر کردہ ایس او پیز کی پابندی کی جائے گی
پبلک ٹرانسپورٹ کے ترجمان نے کہا کہ اس کا مقصد محفوظ اور صحت مند معاشرے کا قیام میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔
الزواید نے کہا کہ سرکاری پبلک ٹرانسپورٹ سے روزانہ ساڑھے سات لاکھ افراد فائدہ اٹھاتے ہیں اور وہ ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچنے کے لیے مختلف پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرتے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ستمبر سے اب تک وزارت ٹرانسپورٹ نے 90 ہزار سے زیادہ وقتا فوقتا معائنے کیے اور احتیاطی ضوابط اور حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزیوں کا پتہ لگایا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں