Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویکسینیشن کورونا کی تشویشناک صورتحال اور ڈیلٹا کے خلاف موثر: نئی تحقیق

ویکسی نیشن ڈیلٹا ویرینئٹ کے خلاف بھی نہائیت موثر ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)
فرانس میں ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے تشویش ناک کیسز کو روکنے کے لیے ویکسینیشن انتہائی کارآمد ہے، یہاں تک یہ ڈیلٹا ویریئنٹ کے خلاف بھی موثر ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیر کو شائع ہونے والی تحقیق میں انفیکشن پر نہیں بلکہ کورونا وائرس کے تشویش ناک کیسز اور اموات پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
تحقیق میں 50 سال سے زائد عمر کے دو کروڑ 20 لاکھ افراد کا جائزہ لے کر معلوم ہوا کہ جن افراد نے ویکسین لگوائی ہے ان میں ہسپتال جانے اور مرنے کا امکان 90 فیصد کم ہے۔
نتائج امریکہ، برطانیہ اور اسرائیل کے مشاہدات کی تصدیق کرتے ہیں، لیکن محققین کا کہنا ہے کہ یہ اپنی نوعیت کی اب تک کا سب سے بڑی تحقیق ہے۔
دسمبر 2020 میں جمع ہونے والے اعداد و شمار کو دیکھتے ہوئے، جب فرانس نے اپنی کورونا ویکسین کی مہم کا آغاز کیا، محققین نے ویکسین لگوانے والے ایک کروڑ 10 لاکھ افراد کا موازنہ ایسے ایک کروڑ 10 لاکھ افراد سے کیا جنہیں ویکسین نہیں لگی تھی۔
انہوں نے جوڑے بنائے جن میں سے ایک ویکسین شدہ اور دوسرا غیر ویکسین شدہ فرد شامل تھا جو ایک ہی علاقے اور ایک ہی عمر اور جنس کے تھے، انہیں ویکسین کی دوسری ڈوز لگنے کی تاریخ سے لے کر 20 جولائی تک ٹریک کیا گیا۔
ایک آزاد ادویات سیفٹی ریسرچ گروپ Epi-Phare، جو فرانسیسی حکومت کے ساتھ کام کرتا ہے، کی تحقیق کے مطابق ویکسین کی دوسری خوراک کے 14 دنوں بعد ویکسین لگوانے والے فرد میں کورونا سے شدید متاثر ہونے کا خطرہ 90 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
ویکسی نیشن ڈیلٹا ویرینئٹ کے خلاف بھی نہائیت موثر ہے یہ 75 سال سے زائد عمر کے افراد کو 84 فیصد جبکہ 50 سے 75 سال تک کے افراد کو 92 فیصد تک تحفظ فراہم کرتی ہے۔

شیئر: