Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کلثوم نواز اور اسحاق ڈار کا نام بھی کورونا ویکسین لگوانے والوں میں شامل

کلثوم نواز اور اسحاق ڈار کی کورونا ویکسینیشن کا اندراج پنجاب میں ہوا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
سابق وزیراعظم نواز شریف کو لاہور اور نارووال میں الگ الگ کورونا ویکسین لگائے جانے کے اندراج کا معاملہ ابھی تازہ تھا کہ اب ان کی مرحومہ اہلیہ کلثوم نواز اور لندن میں مقیم سمدھی اسحاق ڈار کو بھی کورونا ویکسین لگانے کی انٹریز سامنے آ گئی ہیں۔
سوشل ٹائم لائنز پر زیرگردش ویکسینیشن ریکارڈز کے مطابق کلثوم نواز کو کورونا ویکسین لگائے جانے کا اندراج 5 اکتوبر کو وہاڑی کے ویکسینیشن سینٹر جمنازیم میلسی میں کیا گیا، جب کہ سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کو کینسائنو ویکسین کی پہلی خوراک لگانے کا اندراج اسی روز ملتان کی ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹیو کے دفتر میں قائم ویکسینیشن سینٹر میں کیا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم کی اہلیہ اور ان کے سمدھی کو جعلی کورونا ویکسینیشن لگائے جانے کے اندراجات پر تبصرہ کرنے والوں نے اسے حکومت پر تنقید کا موقع بنایا تو آئندہ کے لیے بھی ملکی معاملات سے متعلق خدشات کا اطہار کیے بنا رہ نہ سکے۔

نیشنل امیونائزیشن منیجمنٹ سسٹم (نمز) میں کلثوم نواز شریف اور اسحق ڈار کے نام پر جعلی ویکسینیشن کے اندراج پر گفتگو کرنے والے یہ ذکر بھی کرتے دکھائی دیے کہ محکمہ صحت پنجاب نے معاملے سے متعلق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو خط لکھ کر کارروائی کرنے کا کہا ہے۔
اس سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کی جعلی کورونا ویکسینیشن کا معاملہ سامنے آنے کے بعد پنجاب میں متعدد سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کی تھی۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کا انتقال 11 ستمبر 2018 کو لندن میں ہوا تھا جبکہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار گذشتہ چار برس سے برطانیہ میں رہائش پذیر ہیں۔

شیئر: