سابق امریکی صدر بل کلنٹن ایک اور رات ہسپتال میں گزاریں گے
اتوار 17 اکتوبر 2021 5:31
سابق امریکی صدر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’کلنٹن اچھی حالت میں ہیں اور اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں‘ (فوٹو: روئٹرز)
سابق امریکی صدر بل کلنٹن انفیکشن میں مبتلا ہونے کے باعث ایک اور رات کیلیفورنیا کے ہسپتال میں گزاریں گے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 75 سالہ امریکی صدر بل کلنٹن کے ترجمان اینجل اورینا نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’کلنٹن کو اینٹی بائیوٹکس دی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے وہ مزید ایک رات ہسپتال میں رہیں گے اور توقع ہے کہ وہ کل ڈسچارج ہو جائیں گے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’کلنٹن اچھی حالت میں ہیں اور اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں، دوستوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں اور فٹ بال میچ دیکھ رہے ہیں۔‘
امریکہ کے سابق صدر بل کلنٹن کو منگل کی شام علاج کی غرض سے کیلی فورنیا کے اروین ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ ان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سابق صدر کورونا وائرس کے انفیکشن میں مبتلا نہیں ہیں۔
75 سالہ بل کلنٹن کے ترجمان اینجل اورینا نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا ہے کہ ’منگل کی شام کو سابق صدر بل کنٹن کو ’نان کووڈ انفیکشن‘ کے علاج کے لیے یو سی آئی میڈیکل سینٹر میں داخل کیا گیا ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’ان کا علاج جاری ہے، وہ بہتر ہیں اور انہیں بہترین علاج فراہم کرنے پر ڈاکٹر، نرسوں اور عملے کے انتہائی شکرگزار ہیں۔‘
امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ سابق صدر کا یونیورسٹی آف کیلیفورنیا اروین کے میڈیکل سینٹر میں علاج کرنے والے ڈاکٹرز کے مطابق کلنٹن کو انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا ہے تاکہ انہیں پرائیویسی مل سکے، وہ وینٹی لیٹر پر نہیں ہیں۔
سی این این کے مطابق ان کی طبیعت کی خرابی دل کی بیماری یا کورونا وائرس سے متعلقہ نہیں ہے۔