پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا دفاع کرتے ہوئے حکومت پر تنقید کو پراپیگنڈا قرار دے دیا ہے۔
اتوار کو ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ ’تیل کی قیمت میں اضافے کو لے کر ایسے پراپیگنڈا ہو رہا ہے جیسے ہم کوئی دنیا سے کسی علیحدہ سیارے پر ہیں۔‘
’اگر دنیا میں تیل، گیس اوپر جائیگا پاکستان میں بھی اوپر جائے گا۔‘
سنیچر کے روز حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 49 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 12 روپے 44 پیسے کا اضافہ کیا تھا۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نئے اضافے کے بعد ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت 137 روپے 79 پیسے ہوگئی ہے جبکہ اس سے قبل ایک لیٹر پیٹرول 127 روپے 30 پیسے کا تھا۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے مزید لکھا کہ ’سارا ملک سبسڈی پر نہیں چل سکتا، آج قیمتیں اوپر ہیں کل کم ہو جائیں گی تو یہاں بھی کم ہو جائیں گی۔‘
تیل کی قیمت میں اضافے کو لیکر ایسے پروپیگنڈا ہو رہا ہے جیسے ہم کوئ دنیا سے کسی علیحدہ سیارے پر ہیں اگر دنیا میں تیل، گیس اوپر جائیگا پاکستان میں بھی اوپر جائیگا، سارا ملک سبسڈی پر نہیں چل سکتا آج قیمتیں اوپر ہیں کل کم ہو جائینگی تو یہاں بھی کم ہو جائیں گی،
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) October 17, 2021
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت کو اپوزیشن اور عوام دونوں کی طرف سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’بجلی کی قیمت میں 14 فیصد حالیہ اضافے کے بعد پیٹرول کی مہنگائی کا بم منی بجٹ کا تسلسل ہے۔‘
’منی بجٹ پر منی بجٹ موجودہ حکومت کی معاشی ناکامیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مہنگائی سے عوام کی جان لینے کے بجائے عمران خان استعفیٰ دیں، صرف اسی طرح ملک وقوم کو ریلیف مل سکتا ہے۔‘
اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ ’ایک لیٹر پٹرول کی قیمت 137 روپے 79 پیسے ہوگئی، عوام کیسے زندہ رہیں گے؟‘
پیٹرول کی قیمت پر سنجیدہ تبصروں کے علاوہ صارفین مزاح کا سہارا لیتے ہوئے بھی وزیراعظم عمران خان کی حکومت پر تنقید کررہے ہیں۔
ٹوئٹر پر ’سائیں‘ نامی اکاؤنٹ نے لکھا کہ ’پچاس روپے کا پیٹرل ڈلوانے گیا، پمپ والے نے بھگا دیا۔‘
50rs ka petrol dalwany gaya pump waly ne bhaga dia
— SAEEN (@IamSaeen) October 17, 2021
رمان شاہ نامی صارف تو قیمتوں میں اضافے سے اس قدر دل برداشتہ نظر آئے کہ کہنے لگے کہ اپنی بیوی سے کہوں گا ’جہیز میں بیس لیٹر پیٹرول لے کر آنا۔‘
تاہم فواد چوہدری کہتے ہیں کہ پاکستانیوں کو ایک قومی کی طرح مل کر مشکلات کا سامنا کرنا ہوگا۔
ایک قوم کی طرح مل کر مشکلات کا سامنا کریں گے، معاشی مشکلات عارضی ہیں انڈسٹری ، زراعت اور تعمیرات کے شعبے تاریخی منافع کما رہے ہیں تنخواہ دار طبقے کی مشکلات ہیں پرائیویٹ سیکٹر اپنے ورکرز کی تنخواہوں میں اضافہ کرے آمدنی اور روزگار میں اضافہ مہنگائ کا توڑ ہے۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) October 17, 2021
معاشی مشکلات عارضی ہیں انڈسٹری ، زراعت اور تعمیرات کے شعبے تاریخی منافع کما رہے ہیں تنخواہ دار طبقے کی مشکلات ہیں پرائیویٹ سیکٹر اپنے ورکرز کی تنخواہوں میں اضافہ کرے آمدنی اور روزگار میں اضافہ مہنگائ کا توڑ ہے۔
فواد چوہدری کو جواب دیتے ہوئے معیشت پر رپورٹنگ کرنے والے صحافی شہباز رانا نے لکھا کہ ’سر مسئلہ عالمی تیل کی قیمتیں نہیں ہیں بلکہ مسئلہ ایکسچینج ریٹ ہے اور روپے کا گرنا ہے۔‘