بالی وُڈ کے نامور گلوکار اُدت نارائن حالیہ دنوں میں ایک لائیو پرفارمنس کے دوران خاتون مداحوں کو بوسہ دینے کے بعد خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ اُدت نارائن ایک لائیو شو کے دوران ’ٹپ ٹپ برسا پانی‘ گا رہے ہیں اور اس دوران کچھ خواتین ان کے ساتھ سیلفی لینے کے لیے سٹیج کے قریب جمع ہو جاتی ہیں۔
ان میں سے ایک خاتون مداح سیلفی بناتے ہوئے اُدت نارائن کو گال پر بوسہ دے دیتی ہیں جس کے ردعمل میں اُدت نارائن بھی مُڑ کر خاتون مداح کو بوسہ دیتے ہیں۔
مزید پڑھیں
-
دلجیت دوسانجھ کی نئی فلم ’پنجاب 95‘ پر تنازع کیوں؟Node ID: 884816
-
’پرینکا چوپڑا کا فلم انڈسٹری چھوڑنے کا فیصلہ درست تھا‘Node ID: 885093
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس کے بعد سیلفی لینے کے لیے آنے والی مزید خواتین کو بھی اُدت نارائن بوسہ دیتے رہے۔
سوشل میڈیا صارفین کئی دن سے گلوکار کے اس عمل پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے تبصرے کر رہے ہیں۔
تاہم گلوکار نے انڈیا کی انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ ’بالی وڈ ہنگامہ‘ کو حال ہی میں انٹرویو دیتے ہوئے وضاحتی بیان دیا ہے۔
سٹیج پر ہونے والے واقعے پر سوال کیے جانے پر اُدت نارائن کا کہنا تھا کہ ’کیا میں نے اپنی، اپنے خاندان یا اپنے ملک کو شرمندہ کرنے کے لیے کچھ کیا ہے؟ میں اپنی زندگی کے اس مرحلے پر اب کیوں ایسا کروں گا جب میں نے سب حاصل کر لیا ہے؟‘
اُدت نارائن نے کہا ’دنیا بھر کے لوگ میرے کنسرٹس میں آتے ہیں۔ ٹکٹ مہینوں پہلے سے فروخت ہوتے ہیں۔ میرے اور میرے مداحوں کے درمیان ایک گہرا خالص اور اٹوٹ رشتہ ہے۔ نام نہاد سکینڈل ویڈیو میں جو آپ نے دیکھا، وہ میرے اور میرے مداحوں کے درمیان محبت کا اظہار تھا۔ وہ مجھ سے پیار کرتے ہیں۔ میں ان سے بھی زیادہ پیار کرتا ہوں۔‘
اُدت نارائن سے جب پوچھا گیا کہ کیا وہ شرمندہ ہیں تو ان کا کہنا تھا ’نہیں، ہرگز نہیں مجھے کیوں شرمندہ ہونا چاہیے؟ کیا آپ کو میری آواز میں کوئی ندامت یا دکھ سنائی دیتا ہے؟ دراصل، میں آپ سے بات کرتے ہوئے ہنس رہا ہوں۔ یہ کوئی ڈھکی چھپی یا خفیہ چیز نہیں ہے۔
’میرا دل پاک ہے۔ اگر کچھ لوگ میرے خالص پیار کے عمل میں کچھ برا دیکھنا چاہتے ہیں تو مجھے ان پر افسوس ہوتا ہے۔ میں بھی ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کیونکہ اب انہوں نے مجھے پہلے سے بھی زیادہ مشہور کر دیا ہے۔‘
گلوکار نے کہا کہ ’میں کئی فلم فیئر ایوارڈز، نیشنل ایوارڈز، پدم سری اور پدم بھوشن حاصل کر چکا ہوں۔ میں لتا جی کی طرح بھارت رتن حاصل کرنے کی خواہش رکھتا ہوں۔ وہ میری آئیڈیل ہے۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ میں اپنی نسل کے گلوکاروں میں ان کا پسندیدہ شریک گلوکار تھا؟ میں نے اپنے دور کے گلوکاروں میں سے ان کے ساتھ زیادہ سے زیادہ گانے گائے ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اس واقعے میں کچھ مشکوک ضرور ہے۔ ویڈیو اچانک کیوں سامنے آ گئی اور وہ بھی چند ماہ قبل امریکہ یا کینیڈا میں ہونے والے ایک کنسرٹ کی؟ میں شرارت کرنے والوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ مجھے نیچے کھینچنے کی جتنی کوشش کریں گے، میں اتنا ہی اوپر جاؤں گا‘۔