متحدہ عرب امارات اور عمان میں منعقد ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ 12 سٹیج کے میچز سنیچر سے شروع ہو رہے ہیں تاہم شائقین کرکٹ کی نظریں اتوار 24 مارچ کو پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والے بڑے میچ پر مرکوز ہیں۔
کرکٹ مبصرین، شائقین اور دیگر جہاں دونوں ٹیموں کی موجودہ پرفارمنس کو دیکھ کر میچ کے نتیجے سے متعلق اندازے قائم کر رہے ہیں، وہیں کئی ایسے بھی ہیں جو گزشتہ مقابلوں کے ڈیٹا کا ذکر کرتے ہوئے ہار یا جیت سے متعلق توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں
پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے ہونے والا میچ دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں منعقد ہونا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے یہ میدان پاکستانی ٹیم کے ان فارم کپتان بابراعظم کے لیے بھی خاص ہیں کیوں کہ وہ اب تک یہاں کھیلا گیا کوئی میچ نہیں ہارے ہیں۔
بابر اعظم نے متحدہ عرب امارات میں 11 ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلے ہیں اور سبھی میں کامیابی ان کے نام رہی ہے۔
امارات میں بابراعظم کی مسلسل کامیابیوں کے دلچسپ پہلو کا ذکر کرنے والوں کو توقع ہے کہ بابر اعظم اور ان کی ٹیم انڈیا کے خلاف میچ میں بھی کامیابیوں کا تسلسل برقرار رکھے گی۔
انڈین شائقین کرکٹ جہاں ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستانی ٹیم کے خلاف اپنی ٹیم کے مسلسل کامیابیوں سے امید رکھے ہوئے ہیں وہیں پاکستانی شائقین کو توقع ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی کامیابیوں کا بہتر ریکارڈ اس مرتبہ کچھ نیا کر سکتا ہے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں اب تک پانچ مرتبہ مدمقابل آئی ہیں۔ تمام میچوں میں کامیابی انڈین ٹیم کے نام رہی ہے۔
دونوں ٹیمیں ٹی 20 ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ 14 ستمبر 2007 کو ڈربن میں آمنے سامنے آئیں۔ انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔ جواب میں پاکستانی ٹیم نے سات وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے تو میچ ٹائی ہو گیا۔ فیصلے کے لیے ’بال آؤٹ‘ آزمایا گیا جس میں تین گیندوں پر انڈین بولرز نے وکٹیں لیں البتہ پاکستانی کھلاڑی ایسا نہ کر سکے، یوں میچ انڈیا کے نام رہا۔
#OnThisDay in 2007, India v Pakistan at #WT20 ended with scores level, and India won a bowl-out 3-0 in a thrilling tie in Durban! pic.twitter.com/dXf27ruAm8
— ICC (@ICC) September 14, 2017