کیا شوہر بیوی کو ڈرائیونگ سے منع کر سکتا ہے؟
جمعرات 28 اکتوبر 2021 11:54
’شوہر کو اس بات کا قانونی حق نہیں کہ وہ بیوی کو ڈرائیونگ سے منع کرے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی قانونی مشیر احمد عجب نے کہا ہے کہ شوہر کو اس بات کا قانونی حق نہیں کہ وہ بیوی کو ڈرائیونگ سے منع کرے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’صرف ایک صورت میں شوہر کا قانونی حق تصور کیا جائے جس میں وہ بیوی کو ڈرائیونگ سے منع کرسکتا ہے‘۔
’وہ صورت یہ ہے کہ نکاح نامے میں اس شرط کا اندراج کیا گیا ہو اور بیوی نے برضا و رغبت نے اسے منظور کیا ہو‘۔
انہوں نے واضح کیا ہے کہ ’نکاح کے وقت فریقین کو ایسی شرائط سے اجتناب کرنا چاہئے جو مستقبل میں کسی کے لیے نقصان دہ ہوسکتے ہیں‘۔
’تاہم عقد نکاح میں شرط عائد ہونے کے باوجود بیوی کو اختیار ہے کہ وہ اسے منسوخ کرانے کے لیے عدالت سے رجوع کرے‘۔
’اس کی وجہ یہ ہے کہ بیوی کو ڈرائیونگ سے منع کرنے سے کئی مصلحتیں متاثر ہوتی ہیں‘۔
’علاوہ ازیں یہ شرط حکومت کی طرف سے خواتین کو فراہم کی جانے والی ڈرائیونگ کی اجازت سے بھی متصادم ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’خواتین کی ڈرائیونگ اب وقت کی ضرورت بن گئی ہے جس سے کئی مصلحتیں پوری ہو رہی ہیں‘۔
انہوں نے واضح کیا ہے کہ ’شوہر کی طرف سے بیوی کو ڈرائیونگ کی اجازت نہ دینے کے معاملے کا حتمی فیصلہ قاضی پر منحصر ہے تاہم شواہد یہی بتاتے ہیں کہ شوہر کو منع کرنے کا اختیار نہیں‘۔