سعودی عرب کا امدادی پیکج دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعلقات کا مظہر ہے: پاکستانی سفیر
سعودی عرب کا امدادی پیکج دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعلقات کا مظہر ہے: پاکستانی سفیر
جمعہ 29 اکتوبر 2021 15:24
ریاض میں وزیراعظم عمران خان نے مڈل ایسٹ گرین اینی شیٹو میں شرکت کی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر بلال اکبر نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کے لیے سعودی عرب کا چار اعشاریہ دو ارب ڈالر کا امدادی پیکج دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعلقات کا مظہر ہے۔
سعودی ترقیاتی فنڈ نے غیر ملکی کرنسی کے محفوظ اثاثوں اور کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں شاہی ہدایت پر تین ارب ڈالر جمع کرانے کا اعلان کیا۔
اس کے علاوہ شاہی ہدایت کے مطابق پاکستان کو تیل کے کاروبار کی مد میں ایک ارب 20 کروڑ ڈالر مالیت کا فنڈ بھی ایک سال کے دوران فراہم کیا جائے گا۔
سعودی ترقیاتی فنڈ نے کہا ہے کہ ’یہ شاہی ہدایت برادر ملک پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں سعودی عرب کے موقف کا پختہ ثبوت ہے- مملکت ہمیشہ کی طرح اب بھی پاکستان کی معیشت کے استحکام کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔‘
اقتصادی امدادی پیکج پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر بلال اکبر نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات خاص ہیں اور یہ تعلقات 75 برس پر محیط ہیں۔ یہ رشتہ تاریخی، سٹریٹیجک اور برادرانہ ہے جس کی بنیاد مشترکہ مذہب اور عوام کے درمیان تعلقات پر مبنی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور حالیہ امداد اس کی تصدیق کرتا ہے۔ اور مستقبل میں اپنے قریبی تعاون اور باہمی تعاون کو جاری رکھنے کے لیے منتظر ہیں۔‘
سعودی عرب کی جانب سے مالی امداد کا اعلان وزیراعظم عمران خان کا ریاض میں مڈل ایسٹ گرین اینی شیٹو میں شرکت کے بعد ہوا ہے۔
پیر کو موسمیاتی تبدیلی سے متعلق کانفرنس کی سربراہی شہزادہ محمد بن سلمان نے کی۔
وزیراعظم عمران خان نے بھی کانفرنس کے موقعے پر مملکت کی جانب سے امدادی پیکج کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر بیان میں کہا تھا کہ ’سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے اور ایسے موقعے پر مدد کی جب دنیا کو مہنگائی کا سامنا ہے۔‘