Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر قانونی طور پرعطیات جمع کرنے والے 31 افراد گرفتار

’عطیات جمع کرنے کی کوشش کرنے والے 25 شہری اور 6 غیرملکی گرفتار کئے گئے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر عطیات جمع کرنے کی کوشش کرنے والے 25 شہری اور 6 غیرملکی گرفتار کئے گئے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق غیر منافع بخش قومی ادارے نے کہا ہے کہ ’گرفتار شدہ افراد ادارے سے اجازت نامہ حاصل کئے بغیر مختلف سکیموں کے لیے چندہ جمع کر رہے تھے‘۔
ادارے نے واضح کیا ہے کہ ’سعودی عرب کے قانون کے مطابق اجازت حاصل کئے بغیر شہری و غیر ملکی کسی بھی طرح کے عطیات جمع نہیں کرسکتے‘۔
’غیر منافع بخش قومی ادارہ عطیات و چندہ مہم کی نگرانی اور اس حوالے سے ضوابط اور لائحہ عمل تیار کرنے کا ذمہ دار ہے‘۔
ادارے نے فلاحی اور خیراتی سکیموں کے لیے کام کرنے کے خواہشمند شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ عطیات جمع کرنے کے لیے ضوابط کی پابندی لازمی ہے۔
ادارے نے معاشرے کے افراد کو بھی ہدایت کی ہے کہ اپنی عطیات لائسنس شدہ اداروں میں جمع کرائیں۔

شیئر: