فیصل بن فرحان اور امریکی وزیر خارجہ کی ملاقات، خطے میں امن کوششوں پر بات چیت
فیصل بن فرحان اور امریکی وزیر خارجہ کی ملاقات، خطے میں امن کوششوں پر بات چیت
اتوار 31 اکتوبر 2021 18:20
شہزادہ فیصل بن فرحان جی 20 کانفرنس میں شرکت کے لیے اٹلی میں ہیں(فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اتوار کو امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن سے روم میں ملاقات کی ہے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان جی 20 سربراہ کانفرنس میں شرکت کے لیے اٹلی میں ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے سعودی عرب اور امریکہ کے تاریخی و سٹراٹیجک تعلقات اور تمام شعبوں میں انہیں فروغ دینے کے طریقوں، تعاون اور مشترکہ یکجہتی کے طریقوں کا جائزہ لیا۔
وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
خصوصا مشرق وسطی میں امن و استحکام کو فروغ دینے اور دونوں دوست ملکوں کی جانب سے خطے میں امن کی جڑیں گہری کرنے کے لیے جاری کوششوں پر بات چیت ہوئی ہے۔
سعودی اور امریکی وزرائے خارجہ نے ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے جاری مشترکہ کوششوں پر بھی بات چیت کی ہے۔
انہوں نے گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطی انشیٹو کا بھی جائزہ لیا- یہ دونوں اقدامات کرہ ارض کو آلودگی سے بچانے اور اس حوالے سے مقررہ عالمی اہداف کے حصول میں معاون بنیں گے۔
فریقین نے سوڈان کی تازہ صورتحال پر بات چیت کی۔ سوڈان میں امن و استحکام میں معاون اقدامات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
فریقین نے ایران کے ایٹمی پروگرام اور اس حوالے سے بین الاقوامی کوششوں پر نکتہ ہائے نظر کا تبادلہ کیا۔
اس موقع پر اٹلی میں متعین سعودی سفیر شہزادہ فیصل بن سطام بن عبدالعزیز بھی موجود تھے۔