ریاض میں فاسٹ فوڈ چین کے عملے پر حملہ کرنے والوں کی گرفتاری کا حکم
پبلک پراسیکیوٹر نے وڈیو وائرل ہونے پر نوٹس لیا ہے( فوٹو سکرین شاٹ)
سعودی دارالحکومت ریاض میں معروف فاسٹ فوڈ چین کے عملے کو زدوکوب کیے جانے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
پبلک پراسیکیوٹر نے وڈیو وائرل ہونے پر حملہ آوروں کی گرفتاری اور انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
الوطن اخبار کے مطابق وڈیو میں دیکھاجا سکتا ہے کہ کئی نوجوان فاسٹ فوڈ چین میں داخل ہوئے اورانہوں نے عملے پر حملہ کیا- حملہ آوروں نے ایک اہلکار کو زمین پر پٹخ کر مکے برسائےجس پر اہلکار بے ہوش ہوگیا۔
نوجوانوں کے دوسرے گروپ نے عملے کے دوسرے اہلکار کو بھی زدوکوب کیا۔
میکڈونلڈز انتظامیہ نے بتایا کہ یہ واقعہ ریاض مکہ روڈ پر پیش آیا ہے۔
کمپنی نے ٹوئٹر پر بیان میں سوشل میڈیا پر وائرل وڈیو کے حوالے سے بتایا کہ اس واقعہ پر بے حد افسوس ہے جو کچھ ہوا برا ہوا۔
عملے کو یقین دلاتے ہیں کہ انہیں انصاف دلایا جائے گا۔
علاوہ ازیں سعودی شہری ٹوئٹر پر فاسٹ فوڈ چین کے عملے کو زدوکوب کیے جانے کے واقعے پر برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔
صارفین نے وزارت داخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ حملہ آوروں کو گرفتار کرکے سزا دلائی جائے-