آسٹریلیا میں پندرہ دن سے لاپتہ چار سالہ بچی کیسے ملی؟
آسٹریلیا میں پندرہ دن سے لاپتہ چار سالہ بچی کیسے ملی؟
بدھ 3 نومبر 2021 12:03
کلیئو گذشتہ ماہ لاپتہ ہوئی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی کو مغربی آسٹریلیا کی پولیس سے حاصل
آسٹریلیا میں اپنے خیمے سے لاپتہ ہونے والی چار سالہ لڑکی ایک بند گھر سے ’ٹھیک حالت‘ میں مل گئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کلیئو سمتھ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ مغربی آسٹریلیا کے ایک علاقے میں خیمے میں رہتی ہے، جہاں سے وہ گذشتہ ماہ لاپتہ ہوگئی تھی۔ یہ علاقہ پرتھ شہر سے ایک ہزار کلومیٹر کی دوری پر ہے۔
اس کی گمشدگی کی اطلاع ملتے ہی 100 افسران کو ہوائی، سمندری اور زمینی تلاش پر لگا دیا گیا تھا۔
تاہم مغربی آسٹریلیا کی پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کو ایک بند گھر میں اکیلے پایا گیا۔ یہ گھر اس جگہ سے کچھ دیر کی دوری پر ہے جہاں سے وہ لاپتہ ہوئی تھی۔
پولیس کے نائب کمشنر بلانچ کا کہنا تھا کہ ’ایک افسر نے اسے گود میں اٹھا کر جب اس کا نام پوچھا تو اسے نے کہا میرا نام کلیئو ہے۔‘
بچی کے ملنے کے بعد پولیس نے 36 سال کے ایک شخص کو حراست میں لیا۔
پولیس نے کلیئو کے ملنے کے کچھ دیر بعد اسے اس کے والدین کے حوالے کردیا۔
کلیئو کی والدہ ایلی سمتھ نے انسٹاگرام پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہماری فیملی دوبارہ مکمل ہوگئی ہے۔‘
اس سے قبل انہوں نے بتایا تھا کہ ایک روز وہ صبح چھ بجے اٹھیں تو انہوں نے دیکھا کہ ان کے خیمے کی زپ کھلی ہوئی ہے اور ان کی سب سے بڑی بیٹی گمشدہ ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی تھی کہ ان کی بیٹی کو تلاش کرنے میں مدد کی جائے جس کے نتیجے میں آسٹریلیا بھر سے انہیں مدد ملی۔
پولیس افسر بلانچ نے مقامی ریڈیو کو بتایا کہ کلیئو کے ملنے پر انہوں ںے ’تجربہ کار جاسوسوں کو خوشی سے روتے ہوئے دیکھا‘۔ بلانچ نے بازیابی کو ’ناقابلِ یقین‘ قرار دیا۔
’ایسا کم ہی ہوتا ہے۔ یہ کچھ ایسا ہے جس کی ہم سب دل میں امید کر رہے تھے اور یہ سچ ہوگیا ہے۔‘
مغربی آسٹریلیا کے وزیر اعظم نے رات کو کلیئو کے ملنے کی خبر پر خوشی کا اظہار کیا۔
ان کو رات ڈیڑھ بجے کے قریب فون کال آئی تاہم انہوں نے شرمندگی کے ساتھ اس بات کا اعتراف کیا کہ ’میں نے فون نہیں اٹھایا، میں سو رہا تھا۔‘
تاہم کچھ دیر بعد انہیں کلیئو کی ایک ’پیاری سی‘ تصویر موصول ہوئی جس میں وہ ہسپتال کے بستر میں بیٹھے مسکرا رہی تھی۔
کلیئو کو تلاش کرنے کے لیے پولیس نے متعلقہ فوٹیج اور فرانزک تجزیے استعمال کیے جبکہ متعدد رضاکاروں نے سراگ کے لیے قریبی علاقوں کو چھان مارا۔
گذشتہ ماہ پولیس نے کلیئو کی بازیابی سے متعلق معلومات دینے والے کے لیے سات لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر کی پیش کش کی تھی۔
جاسوس سپرنٹنڈنٹ روڈ وائلڈ نے اس وقت کہا تھا کہ تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ کلیئو کو اس کے خیمے سے لے جایا گیا تھا۔