بچے اپنی ڈرائنگز اور منفرد پیغامات کے ذریعے اس میں حصہ لیں گے۔ (فوٹو گلف نیوز)
متحدہ عرب امارات کے 50 ویں قومی دن کے سلسلسے میں 170 سے زائد ممالک کے 400 فنکار دبئی آرٹ ایکسپو کے زیر تحت منعقدہ تقریب میں دبئی میں اپنے اپنے ہنر کی نمائش کر رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق آرٹ ایکسپو کے تحت ہونے والے اس سہ روزہ ایونٹ کا آغاز جمعرات کو معروف ہوٹل میں شاندار افتتاح کے ساتھ ہوا ہے۔
پروگرام کے مطابق ایونٹس میں آرٹ کی نمائش، مذاکرے، ورکشاپس اور پانچ براعظموں سے حصے لینے والے فنکاروں کی پرفارمنس شامل کی جائے گی۔
آرٹ پرفارمنس میں برازیل، یوکرین اور دیگر ملکوں کے طائفے، فنکار، گلوکاراور دیگر فنکار حصہ لیں گے۔
دوسرے دن ایک پروگرام اٹلی کی غیر منافع بخش تنظیم 'کلرز آف پیس' کے تعاون سے منعقد کیا جائے گا۔
یہ اطالوی تنظیم امیر اورغریب ممالک کے درمیان ثقافتی، سماجی اور اقتصادی فاصلے کم کرنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر بچوں کی فنکارانہ صلاحیتوں کو فروغ دیتی ہے۔
یہ تنظیم اس ایونٹ میں ایک ورکشاپ کی میزبانی بھی کرے گی جس میں بچے اپنی ڈرائنگز اور منفرد پیغامات کے ذریعے اس میں حصہ لیں گے۔
تقریبات کے سلسلے میں سنیچر کو تیسرے روز ایک آرٹ پروگرام میں عجمان یونیورسٹی کے کالج آف آرکیٹیکچر، آرٹ اینڈ ڈیزائن کے پروفیسر پلاٹون الیکسیو اور امارات کے معروف فوٹوگرافر جاسم العوادی اپنا فن پیش کریں گے۔
یہ تقریب رواداری اور بقائے باہمی کے وزیرشیخ نہیان بن مبارک کی زیرسرپرستی منعقد ہو رہی ہے۔ اس کا اہتمام آرٹیسیما آرٹ ایجنسی کی بانی اوریلا کوکے کے تعاون سے کیا گیا ہے۔