سعودی عرب میں سینما گھروں کو 700 ملین ریال کی آمدنی، گیارہ ملین ٹکٹ فروخت
مشرق وسطی میں سب سے زیادہ بزنس سعودی عرب میں کیا گیا ہے( فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی سمعی و بصری ابلاغ کے اعلی ادارے کے ترجمان عمر ابوبکر نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب میں سینما گھروں کو دس ماہ کے دوران 700 ملین ریال کی آمدنی ہوئی ہے۔ اس دورن فلموں کے گیارہ ملین ٹکٹ فروخت کیے گئے‘۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ابوعمر نے کہا کہ ’سعودی عرب سینما بزنس کے حوالے سے مشرق وسطی میں پہلے اور پوری دنیا میں 15ویں نمبر پر ہے‘۔
’دس ماہ کے دوران مشرق وسطی میں سینما گھروں نے سب سے زیادہ بزنس سعودی عرب میں کیا ہے‘۔
فلموں کے ٹکٹوں کی فروخت کے حوالے سے بھی غیر معمولی ریکارڈ قائم کیا۔ 2021 کے دوران گیارہ ملین ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔
ابو عمر کا کہنا ہے کہ ’سعودی عرب میں سینما گھر کھولنے کے بعد سے کئی ریکارڈ بنائے گئے ہیں۔ سب سے زیادہ آمدنی بھی ہوئی ہے‘۔
مشرق وسطی میں سینما گھروں سے ہونے والی 55 فیصد آمدنی کا تعلق سعودی عرب سے ہے۔
مملکت میں سینما گھروں کی بحالی سے اب تک ایک ہزار سے زیادہ فلمیں دکھانے کی منظوری دی جاچکی ہے۔
ابو عمر نے کہا کہ سعودی عرب میں سینما گھروں کا شعبہ نئی پیش رفت کے لیے کوشاں ہے۔
سمعی و بصری ابلاغ کا ادارہ اہم بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ تجربات کے تبادلے کے معاہدے کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ایک بڑی فلم ساز کمپنی کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس ہوچکا ہے۔