’ثقافت اور سائنس سعودی وژن کا اٹوٹ حصہ ہیں‘
جمعرات 11 نومبر 2021 5:29
شہزادہ بدر بن فرحان نے پیرس میں یونیسکو کے اجلاس سے خطاب کیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن فرحان نے کہا ہے کہ سعودی عرب پائدار ترقی کے اہداف کے فروغ کے لیے بین الاقوامی ثقافتی مشن کا ساتھ دینے کا پابند ہے۔
شہزادہ بدر بن فرحان پیرس میں یونیسکو کے اجلاس عام سے خطاب کر رہے تھے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ بدر بن فرحان نے کہا کہ ’مملکت کو یونیسکو کے ساتھ شراکت پر فخر ہے۔ 75 برس سے زیادہ عرصے سے تربیت، سائنس اور ثقافت کے شعبوں میں کثیر جہتی کامیابیاں حاصل کرنے پر یونیسکو مبارکباد کی مستحق ہے‘۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ’سعودی عرب یونیسکو اور اس کے رکن ملکوں کے ساتھ تعاون کرتا رہا ہے اورآئندہ بھی کرتا رہے گا‘۔
سعودی وزیر ثقافت نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’ثقافت اور سائنس کے شعبے سعودی وژن کا اٹوٹ حصہ ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ’ ثقافت کے شعبے میں کوروناوبا کے چیلنجوں کے باوجود کئی اچھے مواقع بھی ابھر کر سامنے آئے۔ بنیادی ڈیجیٹل ڈھانچے کی بدولت وبا کے زمانے میں بہت سارے کام انجام دیے جا سکے ہیں‘۔
سعودی وزیر ثقافت کا کہنا تھا کہ ’مملکت نے ڈیجیٹل کمپٹیشن میں بڑے اقدامات کیے۔ جی 20 کی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کمیونیکیشن کے ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کے گراف میں مملکت نے مزید ترقی کی ہے‘۔
تعلیم کے شعبے میں مملکت نے متعدد مثالی انیشیٹیو متعارف کرائے ہیں۔ ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے بین الاقوامی تعاون کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطیٰ جیسے اہم اقدامات کے ذریعے ماحولیاتی تحفظ کے سلسلے میں مثالی کردارادا کیا ہے۔