ریاض میں ایم ڈی ایل بیسٹ پریزنٹس میں ڈیوڈ گوئٹا کی شرکت
ریاض میں ایم ڈی ایل بیسٹ پریزنٹس میں ڈیوڈ گوئٹا کی شرکت
جمعرات 11 نومبر 2021 16:58
فرانسیسی سپر سٹار نے پہلے میوزک فیسٹیول میں بھی پرفارمنس پیش کی تھی۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں موجود ایم ڈی ایل بیسٹ کی جانب سے جمعرات کو فرانسیسی نژاد سپر سٹار ڈی جے ڈیوڈ گوئٹا کے ریاض میں ہونے والے پروگراموں میں آمد کا اعلان کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سپر سٹار ڈی جے ڈیوڈ گوئٹا کی میزبانی میں ہونے والے منفرد پروگرام اور دیگرعوامی تقریبات کا سلسلہ آئندہ ہفتے ریاض میں ایم ڈی ایل بیسٹ پریزنٹس کے آغاز کے موقع پر ہوگا۔
ایم ڈی ایل بیسٹ کا مقصد ریاض میں ہونے والے کنسرٹس اور تقریبات کے ذریعے علاقائی موسیقی کے منظر کو فروغ دینا ہے۔
ڈیوڈ گوئٹا 12، 19اور26 نومبر کو ریاض کے مختلف مقامات پر منعقد ہونے والی خصوصی تقریبات کے ساتھ اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
فرانسیسی سپر سٹار مملکت میں اپنے قیام کے دوران دسمبر میں جدہ میں منعقد ہونے والی سعودی عریبین گرینڈ پریکس فارمولہ ون کے افتتاح اورساؤنڈ سٹورم میں بھی اپنی پرفارمنس پیش کریں گے۔
ایم ڈی ایل بیسٹ ایک ریکارڈ قائم کرنے والا ایونٹ ہے جس کا آغاز دسمبر 2019 میں ایم ڈی ایل بیسٹ فیسٹیول کے طور پر ہوا تھا۔
ایم ڈی ایل بیسٹ میں ٹیلنٹ بکنگ اور ایونٹس کے سربراہ طلال البہتی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہےایم ڈی ایل بیسٹ دراصل مملکت میں میوزک سین کے طور پر ہمارے منصوبوں کا مرکز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد عالمی معیار کی تفریح فراہم کرنے کے لیے دنیا کے بہترین میوزک ماسٹرز اور گلوکاروں کو سامنے لانا ہے۔
ایم ڈی ایل بیسٹ پریزیٹس کے آغاز کے ساتھ ہم خطے میں موجود موسیقی کے شائقین کے لیے ناقابل یقین اور واقعی یادگار تجربات پیش کرنے کے اپنے عزم کی تجدید کر رہے ہیں۔
طلال البہتی کا کہنا تھا کہ ڈیوڈ گوئٹا سعودی عرب میں اتنے ہی مقبول ہیں جتنے وہ دنیا کے دیگر ممالک میں ہیں۔ ان کی ایک وجہ شہرت ان کی عالمی شخصیت ہونا بھی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس بار بھی میوزک کے شائقین ریاض میں ان کی تقریبات کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔
ساتھ ہی ساتھ انہوں نے بتایا کہ فرانسیسی فنکار ڈیوڈگوئٹا کا سعودی عرب میں پرفارم کرنے کا یہ پہلا موقع نہیں اس سے پہلے بھی 2018 میں ڈی جے نے فارمولا ای ریس کی اختتامی تقریب پر ایک کنسرٹ کی میزبانی کی تھی۔
اس کے علاوہ ڈیوڈ گوئٹا نے2019 میں پہلےایم ڈی ایل بیسٹ میوزک فیسٹیول میں بھی اپنی پرفارمنس پیش کی تھی۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں