تنظیم بیواوں ، یتیموں او رمریضوں کی مدد کررہی ہے، فلاحی خدمات انجام دینے پر شمیم کوثر، یوسف امجد اور امین الدین انصاری کو سروسز ایوارڈ
جدہ (امین الدین انصاری) دکن این آر آئی گروپ جدہ کا سالانہ جلسہ محمد عبدالرزاق کی زیر صدارت مقامی ہوٹل میں ہوا۔ ڈائریکٹر جدہ نیشنل اسپتال محمد علی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔ عبدالرزاق نے کہا کہ دکن این آر آئیز گروپ کی بنیاد 11 سال قبل رکھی گئی تھی جو آج ایک تن آور درخت بن کر قوم و ملت کی فلاح و بہبود کیلئے کام کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم بیواوں اور یتیموںکو مستقل طور پر راشن، مریضوں کی داد رسی اور مالی تعاون کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دکن این آر آئیزہر سال جدہ میں کمیونٹی کیلئے اپنا قیمتی وقت اور صلاحیتیں دینے والی 3 شخصیتوں کو کمیونٹی سروسز ایوارڈ دیتی ہے جس کا مقصد ان کی صلاحیتوں سے دوسرے احباب کو آگہی دلوانا ہوتا ہے ۔ امسال گروپ نے خاک طیبہ ٹرسٹ کے شمیم کوثر ، بزم اتحاد کے یوسف الدین امجد اور اردو نیوز کے امین الدین انصاری کو ایوارڈ دیئے۔ مہمان خصوصی محمد علی نے کہا کہ عبدالرزاق او ر ان کی تنظیم جو کام کررہی ہے وہ دکھی انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے انتہائی اہم ہے۔ قابل مبارکباد ہیں یہ لوگ جو اللہ کی مخلوق کی خدمت کرکے رب کی خوشنودی حاصل کرلیتے ہیں ۔ انہوں نے اس موقع پر قرآن فہمی پر زور دیا اور کہا کہ ہمیں قرآن کو اپنی مادری زبان میں سمجھنے کی ضرورت ہے ۔ ڈاکٹر کریم الدین نے کہا کہ دکن این آر آئیز گروپ عظیم کارنامہ انجام دے رہا ہے ہمیں چاہئے کہ اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور قوم و ملت کے کام آئیں ۔ شمیم کوثر نے کہا کہ گروپ کی جانب سے ملنے والا ایوارڈ یقینا باعث شرف ہے ۔ یہ تنظیم عرصے سے کام کررہی ہے ۔چھوٹے چھوٹے کام ٹھوس انداز میں کررہی ہے۔ یوسف الدین امجد نے کہا کہ مجھے ایسی جماعت کی جانب سے ایوارڈ مل رہا ہے جو غیر نزاعی اور اعتدال پسند تنظیم ہے ۔ مجھے خوشی اس بات کی ہے کہ یہ تنظیم نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے اور جب کسی کام کا عزم نوجوان لیکر چلتے ہیں تو کامیابی ان کے قدم چومتی ہے ۔ امین انصاری نے کہا کہ دکن این آر آئیز گروپ کو قائم ہوئے ابھی ایک دہائی ہی گزری ہے لیکن جس تیزی سے یہ تنظیم قوم و ملت کی خدمت میں سرگرم ہے وہ لائق تحسین اور آفرین کے قابل ہے ۔ یہ تنظیم جو اپنے اراکین کی جیب خاص سے جس انداز میں ٹھوس کام انجام دے رہی ہے اس کی مثال کسی اور تنظیم میں نہیں ملتی ۔ انہو ںنے کہا کہ ان کے ارادے بلند ہیں اور وہ ہر سال نئی جہت اور جستجو کے ساتھ میدان عمل میں اترتے ہیں اور اسے پورا کرتے ہیں ۔ انہوں نے ان کے انتخاب پر گروپ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے یوسف الدین امجد اور شمیم کوثر کی خدمات کو بھی سراہا ۔ محمد نعمان الدین ، اعجاز احمد خان ، سید خواجہ وقار الدین ، علیم خان فلکی اور دیگر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور گروپ کے صدر اور اراکین کو کامیاب اجلاس کے انعقاد پر دلی مبارکباد پیش کی ۔ اجلاس کی نظامت سید معراج علی اختر جنرل سیکریٹری نے چلائی ۔ نائب صدرمرزا غیاث الدین بیگ نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ اراکین و عہدیدار حامد علی مطاہر ، راشد محمد عبدالرزاق ، محمد عبدالوہاب، نظام الدین شکیل ، ، محمد رضوان ، نظام الدین فاروق، سید مسعود ، شعیب ، دانش قدیر ، شمس الدین قاضی ، سید عبدالکلیم ، خواجہ معز عالم ، محبوب علی ، اسماعیل شریف اور ذوالفقار نے انتظامات میں حصہ لیا ۔