Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان نیوی کے سربراہ کی کویت کے مسلح افواج کے سربراہان سے ملاقات

مسلح افواج کے سربراہان سے ملاقات کے دوران خطے کی بحری سکیورٹی پر بات چیت ہوئی۔ فوٹو: پاکستان نیوی
پاکستان نیوی کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے دورہ کویت کے دوران جنرل ڈائریکٹوریٹ آف کوسٹ گارڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر بریگیڈیئر جنرل صالح الفوجیری سے ملاقات کی ہے۔
پاکستان نیوی کی جانب سے جمعے کو جاری بیان کے مطابق صباح الاحمد نیول بیس آمد پر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف کوسٹ گارڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے نیوی کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
دورہ کویت کے دوران پاکستان نیوی چیف نے نیشنل گارڈ کے انڈر سیکریٹری لیفٹیننٹ جنرل ہاشم عبدالرزاق الرفائی، چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد صالح الصباح اور کمانڈر کویتی بحریہ بریگیڈیئر جنرل ہذا العلاتی سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں۔
بیان کے مطابق جنرل ڈائریکٹوریٹ آف کوسٹ گارڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر بریگیڈیئر جنرل صالح الفوجیری سے ملاقات کے دوران خطے کی بحری سکیورٹی اور باہمی دلچسپی کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ نیوی چیف نے خطے کی بحری سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں اور متعدد اقدامات پر روشنی ڈالی۔
قبل ازیں، نیشنل جنرل ہیڈکوارٹرز میں نیشنل گارڈ کے انڈر سیکریٹری اور آرمی جنرل سٹاف ہیڈ کوارٹرز میں کویتی فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ وارانہ امور بشمول دوطرفہ دفاعی تعاون پر بات چیت ہوئی۔ مختلف امور میں مضبوط دو طرفہ دفاعی تعاون کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے دفاعی میدان میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
بعد ازاں، محمد الاحمد نیول بیس کے دورے کے دوران چیف آف دی نیول سٹاف نے کویتی بحریہ کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل ہذا العلاتی سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران کویتی بحریہ کے کمانڈر نے خطے کی بحری سکیورٹی کے لیے پاک بحریہ کی جانب سے کی جانے والی اہم کاوشوں کو سراہا۔
بیان کے مطابق نیوی چیف کا دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین بالخصوص دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔

شیئر: