Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رجال المع اور سودہ کے مقامی نوجوانوں کے لیے سوئس سکالرشپ

مقامی نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)
پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کمپنی سودہ ڈویلپمنٹ نے رجال المع اور سودہ  کے مقامی افراد  کے لیے نئے سکالرشپ کا آغاز کیا ہے جس کے ذریعے طلباء کو سوئٹزرلینڈ کے بہترین باورچی کے فن، مہمان نوازی اور بزنس مینجمنٹ کے سکولوں میں تعلیم و تربیت حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
عرب نیوز کے مطابق اس علاقے کے مقامی افراد کو سوئٹزرلینڈ کے چار اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ڈپلومہ، انڈرگریجویٹ یا پوسٹ گریجویٹ کورسز مکمل کرنے کے لیے مختلف قسم کے وظائف دیئے جائیں گے۔
سودہ ڈویلپمنٹ کی جانب سے سوئس ہوٹل مینجمنٹ سکول، سیزر رٹز کالجزسوئٹزرلینڈ، کلنری آرٹس اکیڈمی اور ہوٹل انسٹی ٹیوٹ مونٹریکس جیسے اداروں میں سیکھنے کے لیےیہ سکالرشپ رکھے گئے  ہیں۔
سودہ ڈویلپمنٹ کا یہ اقدام مقامی کمیونٹی کو اعلیٰ تربیت یافتہ اور بااختیار بنانے کے لیے2030 تک 8 ہزار سے زائد ملازمتیں فراہم کرنے کے اپنے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
اس سکالرشپ کا مقصد وژن 2030 کے انسانی صلاحیتوں کے ترقیاتی پروگرام کے تحت یہاں کے باشندوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔
اس کے علاوہ  انہیں بہتر مستقبل کے لیے تیار کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ مقامی شہری علاقائی اور عالمی سطح پر بہترین ملازمتیں حاصل کر سکیں۔

پرفضا پہاڑی سیاحتی مقام کے لیے یہ پروگرام نئی راہیں فراہم  کرے گا۔ (فوٹو عرب نیوز)

سودہ ڈویلپمنٹ کے چیف ایگزیکٹو افسر  حسام الدین المدنی نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے سکالرشپ پروگرام کے اس مرحلے کا اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے جو سودہ اور رجال المع میں سیاحت کے لیے آنے والوں کی  مہمان نوازی کے  لیے  ایک نئی ٹیم تیار  کرے گا۔
حسام الدین کا مزید کہنا تھاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ مستقبل میں  پائیدار ترقی کی بنیاد ہی نوجوان ہیں۔
بادلوں کے اوپر ایک پرفضا پہاڑی سیاحتی مقام بنانے کی ہماری صلاحیت کو نکھارنے میں یہ پروگرام نئی راہیں فراہم  کرے گا۔
سودہ اور رجال المع جیسے خوبصورت  علاقے میں  ہر سال لاکھوں سیاحوں کو مثالی سیاحت کے لیے خوش آمدید کہا جاتا ہے۔
 

مقامی کمیونٹی کے لیے 8 ہزار سے زائد ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔ (فوٹو عرب نیوز)

سکالرشپ پروگرام کا اعلان مقامی کمیونٹیز کو بااختیار بنانے کی ہماری کوششوں میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
المدنی نےاس سلسلے میں اپنےعزم پر روز دیتے ہوئے مزید کہا کہ نوجوانوں کو  بہتر مستقبل فراہم کرنے کے لیے ہماری یہ خدمت  اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ ہم مقامی افراد  کے ساتھ شراکت داری کو اہمیت دیتے ہیں۔ 
ہم مقامی نوجوانوں کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
عالمی معیار کی تربیت اور سکالرشپ پروگرام پیش کرنے کا ہمارا مقصد نوجوانوں کو مستقبل میں بہترین ملازمتوں کے لیے صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔
 

شیئر: