Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سائنو ویک کی دوخوراکیں اور بوسٹر ڈوز لگوانے والے سعودی عرب آسکتے ہیں؟

بین الاقوامی سفر کرنے والوں کو سفر سے زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کرانا لازمی ہےـ  فائل فوٹو: اے ایف پی
سعودی عرب میں سفر کے حوالے سے ایک شخص نے ٹوئٹر پر سوال کیا ہے کہ پاکستان جانے والوں کو بھی کورونا ٹیسٹ کروانا ہوگا۔
وزارت صحت کی جانب سے پابندی عائد کی گئی ہے کہ بین الاقوامی سفر کرنے والوں کو سفر سے زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کرانا لازمی ہےـ 
واضح رہے کورونا کا ٹیسٹ جسے پی سی آر کہا جاتا ہے اس کی پابندی صرف سعودی عرب میں ہی نہیں بلکہ یہ اصول عالمی ادارہ صحت کی جانب سے منظور شدہ ہے جس پرتمام ممالک عمل کرتے ہیں۔
پی سی آر ٹیسٹ سعودی عرب سے جانے اور مملکت آنے والوں کے لیے لازمی ہے ـ ٹیسٹ کے لیے عالمی معیار 72 گھنٹے کا عائد کیا گیا ہے جس کی پابندی کرنا ضروری ہے۔  کوشش یہ کی جائے کہ پی سی آر ٹیسٹ کی مدت فلائٹ کے وقت سے 72 گھنٹے سے زائد نہ ہو۔
اگر ٹیسٹ کرائے ہوئے 72 گھنٹے سے زیادہ کا وقت ہو جائے تو ٹیسٹ قابل قبول نہیں ہوتا اس لیے بہتر ہے کہ جس لیبارٹری سے ٹیسٹ کرایا جائے وہاں اپنی فلائٹ کا وقت ضرور بتائیں جسے دیکھ کر لیبارٹری کی انتظامیہ بہتر وقت کا تعین کرنے کے بعد ٹیسٹ کے وقت سے مطلع کرے گی۔ 
کورونا ویکسین کے حوالے سے ایک اور شخص نے دریافت کیا کہ انہوں نے ’پاکستان میں سائنو ویک کی دوخوراکیں اور تیسری بوسٹر ڈوز لگوائی ہے کیا سعودی عرب آسکتے ہیں؟‘ 

سائنو ویک اور سائنو فارم ویکسین لگانے والے افراد کوسعودی عرب آنے پر یہاں لگائی جانے والی ویکسین میں سے کوئی ایک بوسٹر ڈوز کے طورپر لگائی جائے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

 متعلقہ ادارے کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں کورونا سے بچاؤ کے لیے چار منظورشدہ ویکسینز لگائی جاتی ہیں جن میں فائزر بائیو این ٹیک، اسٹرازئینکا، جانس اینڈ جانس اور موڈرنا ہے۔ 
مذکورہ ویکسینز سعودی عرب میں لگائی جارہی ہیں جبکہ سائنو ویک اور سائنو فارم ویکسین لگانے والے افراد کے لیے لازمی ہے کہ وہ جب سعودی عرب آئیں تو انہیں یہاں لگائی جانے والی ویکسین میں سے کوئی ایک بوسٹر ڈوز کے طورپر لگائی جائے۔ 
خیال رہے وہ افراد جنہوں نے مملکت میں ویکسین کی دونوں خوراکیں نہیں لگوائیں انہیں مملکت آنے پر مذکورہ بالا چار ویکسین میں سے کوئی ایک ویکسین بوسٹر ڈوز کے طورپرلگائی جاتی ہے۔ 
سعودی وزارت داخلہ کے قانون کے مطابق وہ افراد جنہوں نے مملکت سے جانے سے قبل ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوائی ہوں اور توکلنا ایپ پر انکا سٹیٹس امیون کا ہے وہ مملکت آسکتے ہیں جبکہ وہ افراد جو پابندی والے ممالک سے آنا چاہتے ہیں ان کے لیے یہ سہولت موجود ہے کہ وہ مملکت آنے سے قبل 14 دن کسی ایسے ملک میں قیام کریں جہاں سے مسافروں کے آنے پرپابندی نہیں۔ 
غیر پابندی والے ملک میں دو ہفتے قیام کرنے کے بعد آنے والے مسافروں کو سفر سے کم از کم 72 گھنٹے قبل دوبارہ پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔

شیئر: