حوثیوں کےحملوں پر کویت اوربحرین کی مذمت
جمعرات 18 نومبر 2021 19:03
حوثیوں کے حملوں سے مملکت ہی نہیں بلکہ پورے خطے کا امن متاثر ہورہا ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
بحرین اور کویت کی جانب سے سعودی عرب کے شہر ابہاکے انٹرنیشنل ہوائی اڈے اور خمیس مشیط کو بارود بردار ڈرون سے نشانہ بنانے کی کوشش پر حوثیوں کی مذمت کی ہے-
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق بحرینی دفتر خارجہ کی جانب سے ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور خمیس مشیط کی سول تنصیبات اور شہریوں کو ہدف بنانے کی کوشش پر حوثیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی-
بحرین وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثیوں کا یہ اقدام بین الاقوامی انسانی قانون کے خلاف ورزی ہے-
بحرینی دفتر خارجہ نے حوثیوں کے ڈرون کو ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی تباہ کیے جانے پر سعودی فضائی دفاعی نظام کی تعریف کی اور مملکت کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اپنی سرحدوں، اپنے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی سلامتی و تحفظ کے لیے جو اقدامات کرے گا بحرین اس کے ساتھ ہوگا-
دوسری جانب کویت کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں توجہ دلائی گئی ہے کہ حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کی سول تنصیبات اور شہریوں کو ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں سے ہدف بناتے رہنے کی مسلسل کوششیں اس بات کی علامت ہیں کہ وہ قیام امن میں دلچسپی نہیں رکھتے-
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران نواز حوثیوں کا یہ اقدام بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے-
حوثیوں کے حملوں سے مملکت ہی نہیں بلکہ پورے خطے کا امن و استحکام متاثر ہورہا ہے- عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ حوثیوں کے احتساب اور خطے کے امن و استحکام کو لاحق خطرات سے روکنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدام کرے-
کویت نے بھی مملکت کو حوثیوں کے خلاف کسی بھی کارروائی کے سلسلے میں مکمل تعاون کا یقین دلایا اور بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا-