Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تارکین کے اہل خانہ پر عائد ماہانہ فیس میں قسطوں کی سہولت کے فوائد 

نئے نظام کے اجرا سے ان تارکین کو کافی فائدہ ہوگا جو اہل خانہ کو محدود مدت کے لیے رکھنے پر مجبور ہوتے ہیں (فائل فوٹو: ایس پی اے)
گذشتہ ہفتے سعودی وزارت داخلہ نے اقاموں اور دیگر سرکاری معاملات کی انجام دہی کے لیے جاری ’ابشر‘ اور ’مقیم‘ پورٹل پر فراہم کی جانے والی آن لائن سروسز میں اضافے کا اعلان کیا تھا جن میں اہم ترین سروس غیر ملکیوں کے اقاموں کی کم سے کم تین ماہ کے لیے توسیع کی سہولت بھی پیش کی گئی تھی۔
اقاموں کی مدت میں تین ماہ کی توسیع کا فیصلہ سعودی کابینہ نے حال قبل ہی کیا تھا تاہم اس قانون پر عمل درآمد کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس سینٹر اور مصنوعی ذہانت کے ادارے کے اشتراک سے طریقہ کار وضع کیا جارہا تھا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے گذشتہ ہفتے کیے جانے والے اعلان میں کہا گیا تھا کہ مملکت میں اقامہ ہولڈر تارکین کے اقاموں کی مدت میں کم سے کم تین ماہ کی توسیع کی سہولت جاری کردی گئی ہے۔ 
داخلہ کی وزارت کے اعلان کے بعد سعودی محکمہ پاسپورٹ ’جوازات‘ کے ذرائع نے مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے اقاموں کی تجدید کے لیے مقامی سعودی بینکوں کے تعاون سے غیر ملکیوں کے اہل خانہ کے اقاموں کی تجدید پر عائد ماہانہ فیس جو کہ 400 ریال ہے کو بھی سہ ماہی کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔
 سہ ماہی فیس کے فوائد  
نئے نظام کے اجرا سے ان تارکین کو کافی فائدہ ہوگا جو اہل خانہ کو محدود مدت کے لیے رکھنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ مملکت میں ایسے اقامہ ہولڈر غیر ملکیوں کی بھی کمی نہیں جن کے بچے زیر تعلیم ہیں اور محض اس وجہ سے انہیں وطن نہیں بھجوا سکتے کہ یکمشت 12 ماہ کی فیس ادا کرچکے ہوتے ہیں جبکہ بچوں کے تعلیمی سال کے اختتام میں چند ماہ باقی ہوں۔

مملکت میں اقامہ ہولڈر تارکین کے اقاموں کی مدت میں کم سے کم تین ماہ کی توسیع کی سہولت جاری کردی گئی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی) 

 تین ماہ کی فیس کی ادائیگی کا طریقہ 
سعودی محکمہ پاسپورٹ ’جوازات‘ کا کہنا ہے کہ تارکین کے اہل خانہ پر عائد ماہانہ فیس کی ادائیگی کے لیے دی جانے والی قسطوں کی سہولت کے لیے سعودی بینکوں نے ’پروگرام‘ تیار کرلیا ہے جس میں اہل خانہ کی ماہانہ فیس کی وصولی کے لیے تین ماہ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
طریقہ کار کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ جس طرح قبل ازیں ایک برس کی فیس جمع کرائی جاتی تھی اسی طرح اقامہ کی مدت کا درست طور پر تعین کرنے کے بعد 12 کے بجائے 3 ماہ کی فیس جمع کرائی جاسکتی ہے۔ یاد رہے کہ 90 دن ختم ہونے سے قبل دوبارہ 3 ماہ کی فیس ادا کرانا ہوگی۔

اقامہ کی مدت کا درست طور پر تعین کرنے کے بعد 12 کے بجائے 3 ماہ کی فیس جمع کرائی جاسکتی ہے (فائل فوٹو: روئٹرز)

خیال رہے کہ قبل ازیں جوازات کے قانون کے مطابق وہ تارکین جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مملکت میں مقیم ہیں کے لیے لازم تھا کہ وہ یکمشت ایک برس کی فیس جمع کرائیں جس کے بعد ہی اقامہ کی تجدید کی جاتی تھی۔
اگر کسی کی فیملی کے ارکان کی تعداد 4 ہے تو اسے 1600 ریال ماہانہ کے حساب سے 12 ماہ کی فیس یکمشت ادا کرنا ہوتی تھی۔
اہل خانہ کی فیس جب تک ادا نہیں کی جاتی اقاموں کی تجدید ممکن نہیں ہوتی تھی۔ فیس کی ادائیگی میں تاخیر کی صورت میں اقامہ تجدید نہیں ہوتا تھا جس پر 500 ریال جرمانہ عائد کردیا جاتا تھا۔

شیئر: