Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چٹوگرام ٹیسٹ: حسن علی کی پانچ وکٹیں اور پاکستانی اوپنرز کا عمدہ آغاز

بنگلہ دیش کی پہلی اننگز میں حسن علی نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
چٹوگرام میں کھیلے جا رہے پہلے کرکٹ ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک پاکستانی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 145 رنز بنالیے ہیں۔ 
پاکستان کی جانب سے عابد علی اور اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے عبداللہ شفیق نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیشی بولرز کو اپنے اوپر حاوی ہونے کا موقع نہ دیا۔ 
ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز جب کم روشنی کے باعث کھیل جلد ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو عابد علی 93 اور عبداللہ شفیق 52 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ 
اس سے قبل بنگلہ دیش کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 330 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
پاکستان کے بولر حسن علی نے پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ بنگلہ دیش کی جانب سے لٹن داس نے سینچری سکور کی۔
دوسرے دن کے آغاز پر بنگلہ دیش کا سکور چار وکٹوں کے نقصان پر 253 تھا۔ لٹن داس اور مشفیق الرحیم کریز پر آئے۔ دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 200 رنز سے زائد کی پارٹنر شپ ہو چکی تھی۔
لٹن داس کی وکٹ حسن علی نے حاصل کی جب وہ ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 114 رنز بنائے۔ اس کے مشفیق الرحیم بھی آؤٹ ہو گئے۔ وہ اپنی سینچری مکمل نہیں کر سکے۔ 91 رنز پر فہم اشرف کا شکار بنے۔
کھیل کے پہلے دن بنگلہ دیش کے ابتدائی چار بلے باز صرف 49 کے سکور پر پویلین لوٹ گئے تھے جس کے بعد لٹن داس اور مشفیق الرحیم نے ٹیم کی بیٹنگ لائن کو سنبھالا۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور فہم اشرف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ ساجد خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ نعمان علی 26 اوورز میں 62 رنز دے کر وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

شیئر: