ٹیکنالوجی کے ذریعے جھوٹی خبر پھیلانا آسان ہو گیا: فواد چوہدری
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ فیک نیوز سے اداروں پر اعتماد مجروح ہوتا ہے۔ (فوٹو: پی آئی ڈی)
پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے جھوٹی خبر پھیلانا آسان ہو گیا ہے۔
سنیچر کو لاہور میں مولانا ظفر علی خان کی برسی پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جھوٹی خبر پھیلانے کہ وجہ سے فیک نیوز کا بحران جنم لے چکا ہے۔
’پہلے خبر پھیلانے کے ذرائع نہیں تھے۔ اب مسئلہ یہ ہے کہ ٹیکنالوجی کی وجہ سے جھوٹی خبر کو پھیلانا آسان ہو گیا ہے اور اس کی وجہ سے فیک نیوز کا بحران دنیا میں جنم لے چکا ہے، پاکستان میں بھی جنم لے چکا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ جب یہ کہا جاتا ہے کہ صحافت کی آزادی ہونی چاہیے تو اس کے ساتھ یہ ہرگز نہیں مانا جا سکتا کہ جھوٹ پھیلانے کی بھی آزادی ہونی چاہیے۔
’جب فیک نیوز، جعلی خبر اور غلط معلومات کے پر آپ بات کریں اور کہا جائے کہ اس سے صحافتی آزادیاں ختم ہوتی ہیں تو میرے خیال میں یہ معاشرے کے لیے صحیح نہیں۔‘
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’پاکستان میں ڈیڑھ سو چینل، 48 بین الاقوامی نشریاتی ادارے، تقریباً پانچ ہزار پبلیکیشنز ہیں، اتنا بڑا میڈیا کسی اسلامی ملک یا تیسری دنیا میں نہیں ہوگا اور شاید کسی ترقی یافتہ ملک میں بھی نہ ہو۔‘
ان کا کہنا تھا کہ معلومات اتنی زیادہ ہو جاتی ہیں کہ حکومتوں کے لیے کنٹرول کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
فواد چوہدری کے مطابق ’فیک نیوز سے اداروں پر اعتماد مجروح ہوتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ مقدمات کو اپنے حق میں کرنے کے لیے گذشتہ ہفتے جعلی آڈیوز اور ویڈیوز پھیلائی گئیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’ہمارے ہاں جس طرح میڈیا اور جمہوریت کی آزادی ہے ہم اس کا مقابلہ کسی اسلامی ملک یا تیسری دنیا سے نہیں کرتے بلکہ ہم اس کا تقابل ترقی یافتہ ممالک سے کرتے ہیں۔‘