دبئی میں مقیم ہالی وڈ اداکارہ لنڈسے لوہن کی سرمایہ کار بدر شماس سے منگنی
اتوار 28 نومبر 2021 19:31
بدر شماس کاروباری شخصیت اور سرمایہ کار ہیں۔ دونوں کی ملاقات موسیقی کے ایک فیسٹیول میں ہوئی تھی۔ (فوٹو: لنڈسے لوہن انسٹاگرام)
دبئی میں مقیم ہالی وڈ اداکارہ لنڈسے لوہن نے اپنے دوست بدر شماس سے منگنی کر لی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اداکارہ لنڈسے لوہن نے انسٹاگرام پر 97 لاکھ فولوروز کے ساتھ منگنی کی خبر شیئر کی۔
منگنی کی خبر کے ساتھ اداکارہ نے کچھ تصاویر بھی شیئر کیں جن میں انہوں نے ہیرے کی انگوٹھی پہن رکھی تھی۔
بدر شماس کاروباری شخصیت اور سرمایہ کار ہیں۔ دونوں کی ملاقات موسیقی کے ایک فیسٹیول میں ہوئی تھی۔
35 برس کی لنڈسے لوہن نے انسٹاگرام پر منگنی کی خوشخبری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ میری محبت۔ میری زندگی۔ میرا خاندان۔ میرا مستقبل۔‘
اداکارہ لنڈسے لوہن اور بدر شماس کو کورونا وبا سے قبل دبئی میں موسیقی کے ایک فیسٹیول میں دیکھا گیا تھا۔
مئی 2020 میں لنڈسے لوہن کی والدہ دینا لوہن نے بدر شماس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ لنڈسے ایک زبردست آدمی سے مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ جب لنڈسے اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بات کرنے پر تیار ہوں گی تو وہ کرے گی۔‘
بدر شماس سے قبل لنڈسے لوہن نے روس کی ایک کاروباری شخصیت ایگور ٹیرابوسف سے منگنی کی تھی تاہم دونوں کے درمیان 2016 میں علیحدگی ہوئی تھی۔