وزیراعظم کی اتحادیوں سے مشاورت، مشترکہ اجلاس میں 30 بِل لانے کا فیصلہ
منگل 2 نومبر 2021 15:22
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں اتحادی جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کے ارکان کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کے معاملے پر اعتماد میں لیا۔
اجلاس میں شریک وفاقی کابینہ کے ایک رکن نے اردو نیوز کو بتایا کہ ‘اتحادی جماعتوں کے ارکان سے وزیراعظم عمران خان کی ملاقات کا ون پوائنٹ ایجنڈا تھا جس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قانون سازی سے متعلق ارکان کو اعتماد میں لینا تھا۔‘
کابینہ کے رکن نے بتایا کہ ’آئندہ ہفتے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا جس میں انتخابی اصلاحات سمیت 30 بل پیش کیے جائیں گے۔‘
کابینہ کے رکن کے مطابق ’پیر کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا جس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سمیت دیگر انتخابی اصلاحات اور مبینہ انڈین جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق بل پیش کیا جائے گا۔‘
منگل کو اتحادی جماعتوں کے ارکان کے ساتھ اجلاس میں ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فروغ نسیم، خالد مقبول صدیقی، سید امین الحق، عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد، جی ڈی اے کی جانب سے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا شریک اور مسلم لیگ ق کے مونس الٰہی شریک تھے۔
ارکان کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اہم قومی معاملات پر متفقہ لائحہ عمل اپنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔