’ایمریٹس ایئرلائن دبئی سٹاک مارکیٹ میں شامل ہو سکتی ہے‘
صدر کا کہنا تھا کہ اگرچہ ایمریٹس کو رواں برس بھی نقصان ہوگا (فوٹو اے ایف پی)
ایمریٹس ایئرلائن کے صدر نے کہا ہے کہ دبئی کی حکومت ایئرلائن سمیت 10 کمپنیوں کو سٹاک ایکسچینج میں شامل کرنے پر غور کر رہی ہے۔
روئٹرز کے مطابق ایمریٹس ایئرلائن کے صدر ٹِم کلارک نے کہا کہ ’ہاں، اس بارے میں بات چل رہی ہے جو ماضی کے مقابلے میں زیادہ وزن رکھتی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میں ہدایات کا انتظار کر رہا ہوں کہ اس سے ایمریٹس گروپ پر کیا اثر پڑے گا۔ دبئی کی حکومت جو فیصلہ کرے گی وہ اس پر منحصر ہے۔ مجھے جو کہا جائے گا میں کر دوں گا۔‘
ایمریٹس کے چیئرمین شیخ احمد بن سعید آل مکتوم نے رواں ماہ کہا تھا ایسا ہونا ممکن ہے۔
دنیا کی حکومتوں نے کورونا کی وبا میں ایئرلائنز پر اربوں ڈالرز خرچ کیے۔ اسی طرح ایمریٹس کو بھی حکومت کی طرف سے 3.8 ارب ڈالرز ملے۔
ایمریٹس نے اپریل سے ستمبر تک 5.8 ارب درہم کا خسارہ ظاہر کیا تھا جو گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران 12.6 ارب درہم تھا۔
تاہم کمپنی کے صدر نے کہا کہ انہیں اگلے برس مزید حکومتی مدد ملنے کی توقع نہیں ہے جب تک کہ کورونا کی نئی قسم بہت متاثر نہ کردے۔۔
’ہم اپنی کیش پوزیشن بہتر کر رہے ہیں۔ اگر اومی کرون نے زیادہ متاثر نہ کیا تو ہم مزید مدد کی توقع نہیں کرتے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ایمریٹس کو رواں برس بھی نقصان ہوگا، لیکن یہ گزشتہ 12 مہینوں کے مقابلے میں بہت کم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 2022 میں کمپنی کو ’بریک ایون‘ یا منافعے کی توقع ہے۔
’مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ گذشتہ چھ یا سات مہینوں میں ہم منافعے کی طرف لوٹ آئے ہیں۔‘