پی آئی اے کی پہلی پرواز 121 مسافروں کو لے کر ملتان سے مدینہ پہنچ گئی
بدھ 1 دسمبر 2021 16:13
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
پی آئی اے رواں ہفتے مجموعی طور پر 33 پروازیں چلائے گی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پابندیوں میں نرمی کے بعد پی آئی اے کا سعودی عرب کے لیے فضائی آپریشن بدھ سے مکمل فعال ہوگیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ’قومی ایئرلائن کی پہلی پرواز 121 مسافروں کو لے کر بدھ کو ملتان سے مدینہ پہنچی۔
’جمعرات کے روز پی آئی اے کی پانچ پروازیں چلائی جائیں گی جن سے مجموعی طور پر 1400 مسافر سعودی عرب پہنچیں گے۔‘
ترجمان کے مطابق ’پی آئی اے کی پروازیں لاہور سے جدہ، اسلام آباد سے جدہ، لاہور سے دمام، اسلام آباد سے ریاض اور کراچی سے مدینہ جائیں گی۔‘
’جمعے کے روز 1130 مسافر چار پروازوں کے ذریعے کراچی سے دمام، اسلام آباد سے دمام، لاہور سے ریاض اور ملتان سے جدہ جائیں گے۔‘
پی آئی اے رواں ہفتے مجموعی طور پر 33 پروازیں چلائے گی جو آئندہ ہفتے بڑھ کر 48 ہو جائیں گی۔