نیوم سٹی میں فضائی ٹیکسیاں چلانے کے لیے جرمن کمپنی سے معاہدہ
نیوم سٹی میں فضائی ٹیکسیاں چلانے کے لیے جرمن کمپنی سے معاہدہ
بدھ 1 دسمبر 2021 19:57
10 ٹیکسیاں مسافروں کے لیے اور 5 سامان کی ترسیل کے لیے ہوں گی (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب کے جدید ترین شہر نیوم کی فضاؤں میں جدید ترین ڈرون کی طرز پر ہوائی ٹیکسیاں بھی نظر آئیں گی۔
عرب نیوز کے مطابق جرمنی کی کمپنی وولوکاپٹر کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔ معاہدے کے مطابق نیوم شہر کے اندر دنیا کی پہلی نقل وحمل کی ترقی وولوکاپٹر کی بدولت دیکھی جائے گی۔
جرمنی کی وولوکاپٹر کمپنی نے اپنی ویب سائٹ میں کہا ہے کہ نیوم نے 15 وولوکاپٹر ڈرون کی طرز کے ائیرکرافٹ کا آرڈر دیا ہے تاکہ آئندہ دو سے تین برسوں میں اس طرح کی جدید پروازوں کا آغاز کیا جا سکے۔
ان 15 وولوکاپٹر ٹیکسیوں میں دس مسافروں کے لیے ہوں گی جب کہ پانچ وولوکاپٹر نیوم شہر کے اندر نقل و حمل کی ضروریات پوری کریں گے۔
نیوم نے وولوکاپٹر کے ساتھ مشترکہ کمپنی تشکیل دینے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں جو جدید ترین شہر میں ابتدائی طور پر پبلک ٹرانزٹ روٹس کی واحد آپریٹر ہوگی۔
یہ نئی جدید تکنیک کے عمودی ٹیک آف اور لینڈنگ کے ساتھ نقل و حرکت کی خدمات ایک جگہ سے دوسری جگہ مسافروں اور سامان کو پہنچانے کی سروس کو ای ویٹول کا نام دیا گیا ہے۔
ان خدمات میں مسافروں کے ساتھ سامان کی نقل وحمل، ہنگامی صورت حال اور سیاحت کے لیے یہ تکنیک استعمال کی جائے گی۔
نیوم کے چیف ایگزیکٹیو افسر نظمی النصر نے کہا ہے کہ 21 ویں صدی کے لیے جدید شہروں کا بنیادی ڈھانچہ ڈیزائن کرنے میں ٹرانسپورٹیشن مرکزی حیثیت کی حامل ہے۔
نظمی النصرنے مزید کہا کہ نیوم کے ساتھ اس مشترکہ منصوبے کے ذریعے ہم دنیا کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ نیوم شہری فضائی نقل وحرکت کو تیزی سے نافذ کرنے کے لیے ایک مثالی شہر ہے۔
اس موقع پر وولوکاپٹر کمپنی کے چیف کمرشل آفیسر کرسچن باؤر نے معاہدے کو ایک دلچسپ سفر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ زندگی میں ایک بار مکمل طور پر نئے انداز میں شہری فضائی نقل و حرکت کو ڈیزائن کرنے اور چلانے کا لازمی حصہ بننے کا موقع ہے۔
نیوم منصوبے کے بلند ترین وژن کے حصول کے لیے قابل اعتماد ساتھی بننے پر وولوکاپٹرکمپنی کے لیے یہ ایک بڑا اعزاز ہے۔