قبل ازیں سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ایوان شاہی نے بیان میں کہا تھا کہ ’شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سلطنت عمان ، متحدہ عرب امارات ، قطر ، بحرین اور کویت کے قائدین سے ملاقاتیں کریں گے‘۔
تمام شعبوں میں ان ملکوں کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات اور انہیں فروغ دینے کے طریقوں پر بات چیت کریں گے۔ علاوہ ازیں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز چاہتے ہیں کہ سعودی عرب کے خلیجی ممالک کے قائدین کے ساتھ مسلسل رابطے رہیں اور خلیجی ممالک کے عوام کے مفاد کی خاطر اخوت کے رشتے مضبوط سے مضبوط تر ہوں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا سوموار کو دورہ عمان خلیجی ریاستوں کے دورے کا پہلا پڑاؤ ہے۔
امید کی جا رہی ہے کہ عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے جولائی میں مملکت کے دورے کے دوران شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے ساتھ جو بات چیت کی تھی، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے کے دوران اس کا آغاز کیا جائے گا۔
ایجنڈے میں باہمی امور، مملکت اور عمان کے مفادات کو فروغ دینے سمیت لوگوں کی ’امنگوں اور امیدوں کو پورا کرنے‘ کے معاملات پر بات چیت شامل ہے۔
عمانی خبر رساں ایجنسی او این اے نے اس دورے کو دونوں خلیجی ممالک کے درمیان ’تاریخی اور دیرینہ‘ تعلقات کا عکس قرار دیا ہے۔