مدینہ میں گرد، عسیر میں دھند اور شمالی علاقوں میں سردی
جمعرات 9 دسمبر 2021 10:17
’الرایس اور ینبع کمشنریوں میں گرد و غبار کے باعث حد نگاہ انتہائی متاثر رہے گی‘ ( فوٹو: طقس العرب)
سعودی عرب کے متعدد علاقوں میں آج گرد و غبار کا طوفان ہے جبکہ بعض دیگر علاقے دھند کی زد میں ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق محکمہ موسمیات نے مدینہ منورہ ریجن کے رہائشیوں کو گرد و غبار سے خبر دار کیا ہے۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’مدینہ منورہ ریجن کی الرایس اور ینبع کمشنریوں میں گرد و غبار کے باعث حد نگاہ انتہائی متاثر رہے گی‘۔
’مذکورہ علاقوں میں یہ کیفیت صبح 9 بجے سے شام 5 تک رہنے کا امکان ہے‘۔
ادھر عسیر ریجن کے رہائشیوں کو دھند سے خبردار کرتے ہوئے محکمے نے کہا ہے کہ ’شدید دھند کے باعث ہائی وے کا سفر نہ کیا جائے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’ابہا، النماص، بلقرن اور خمیس مشیط میں رات کے وقت سے صبح 8 بجے تک شدید دھند رہے گی‘۔
’مذکورہ علاقوں میں دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی درجے تک متاثر ہوسکتی ہے‘۔
احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے روڈ سیکیورٹی فورس نے ہائی وے پر اہلکار تعینات کردیئے ہیں۔
ادھرتبوک، الجوف، شمالی حدود، حائل اور قصیم میں درجہ حرارت میں واضح کمی کے متعلق آگاہ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’مذکورہ علاقوں میں آج سے درجہ حرارت میں واضح کمی محسوس کی جائے گی جس کے باعث رات کے وقت موسم سرد ہوجائے گا‘۔