میوزیم کے دورے کے موقع پرقطری وزیرثقافت بھی ہمراہ تھے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن فرحان نے دوحہ میں قطر نیشنل میوزیم کا دورہ کیا ۔ قطر کے وزیر ثقافت شیخ عبدالرحمن بن حمد آل ثانی، قطری عجائب گھر ادارے کے نائب سربراہ عیسیٰ بن محمد المہندی اور قطری عجائب گھر کے ایگزیکٹیو چیئرمین احمد النملہ ہمراہ تھے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق سعودی وزیر ثقافت نے قطری نیشنل میوزیم کا دورہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ قطر کے موقع پر کیا ۔ وہ بھی ولی عہد کے ہمراہ قطر پہنچے ہوئے تھے۔
شہزادہ بدر کو قطر نیشنل عجائب گھر کے ایک ہال کی سیر کرائی گئی جہاں قطر کی ثقافت اور اس کی تاریخ کی مرحلہ بہ مرحلہ کہانی نوادر کی زبانی پیش کی گئی ہے۔
شہزادہ بدر بن فرحان نے اپنے قطری ہم منصب کے ساتھ دونوں برادر ملکوں کے درمیان ثقافتی تعاون کے فروغ کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ قطر اور مملکت کے درمیان ثقافتی شعبوں میں مضبوط شراکت بے حد ضروری ہے۔