لبنان میں منشیات کی بڑی کھیپ سعودی عرب سمگل کرنے کی کوشش ناکام
نشہ آور گولیاں ’کافی‘ کے پیکٹوں میں چھپا کر سمگل کی جارہی تھیں (فوٹو اخبار 24)
لبنان کی سیکیورٹی فورسز نے منشیات کی بڑی کھیپ سعودی عرب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا ئی ہے۔
نشہ آور گولیاں ’کافی‘ کے پیکٹوں میں انتہائی مہارت سے چھپا کر سمگل کرنے کوشش کی جارہی تھی۔
سبق نیوز نے لبنانی سیکیورٹی فورس کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ’ نشہ آورگولیاں کافی کے پیکٹس میں چھپائی گئی تھیں جو لبنان سے اردن اور وہاں سے سعودی عرب سمگل کی جانی تھیں‘۔
سیکیورٹی فورس کے بیان میں مزید کہا گیا کہ’ منشیات سمگل کرنے والوں کا تعاقب کرتے ہوئے انہیں حراست میں لیا گیا ہے جن میں ایک لبنانی اور دوسرا شامی باشندہ ہے‘۔
بیان کے مطابق’ لبنانی فورسز نے منشیات کے سمگلنگ نیٹ ورک کی خفیہ طورپر انکی نگرانی کرتے ہوئے مغربی بیروت کے علاقے میں ان کے خفیہ گودام کا سراغ لگایا ہے‘۔
’گودام پر فورس کے اہلکاروں نے چھاپہ مارا جہاں سے 40 لاکھ نشہ آور گولیاں برآمد ہوئی ہیں جنہیں انتہائی مہارت سے ’کافی‘ کے پیکیٹس میں چھپایا گیا تھا‘۔
خفیہ ٹیموں نے سمگلر کا تعاقب کرتے ہوئے اسے رفیق الحریری انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا، وہ ترکی فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا۔
واضح رہے اس سے قبل لبنان سے انار کی شپمنٹ میں سعودی عرب منشیات کی سمگل کرنے کی کوشش کی گئی تھی جسے سعودی کسٹم اہلکاروں نے ناکام بنا دیا تھا۔ یہ سمگلنگ کی دوسری بڑی کوشش تھی جسے ناکام بنایا گیا ہے۔