امریکہ کی 6 ریاستوں میں طوفانی بگولوں نے تباہی مچادی، 70 افراد ہلاک
امریکہ کی 6 ریاستوں میں طوفانی بگولوں نے تباہی مچادی، 70 افراد ہلاک
ہفتہ 11 دسمبر 2021 22:12
ایک ورکر کا کہنا تھا کہ ’ایک بھاری آواز آئی اور سب کچھ ہمارے اوپر گر گیا‘ (فوٹو: روئٹرز)
امریکہ کی چھ ریاستوں میں طوفانی بگولوں نے تباہی مچا دی ہے جس کے باعث 70 افراد ہلاک ہوگئے ہیں، طوفانی بگولوں ے 200 میل تک اپنے راستے میں آنے والے گھر اور کاروبار کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کینٹکی میں واقع ایک فیکٹری میں 110 افراد کام کر رہے تھے کہ اس سے طوفان ٹکرایا اور فیکٹری کی چھت اُڑ گئی۔
خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس فیکٹری میں درجنوں افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔
کینٹکی کے گورنر اینڈی بیشیر نے کہا ہے کہ اب تک 110 میں سے 40 کارکنوں کو بچا لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے اتنی تباہی کبھی نہیں دیکھی۔‘
’صبح سویرے ہمیں یقین تھا کہ 50 افراد مارے گئے ہیں۔ اب ہمیں یقین ہے کہ یہ تعداد 70 ہے اور لگتا ہے یہ 100 سے زیادہ ہو جائے گی۔‘
گورنر کا کہنا تھا کہ 189 نیشنل گارڈز کو امدادی کاموں پر لگایا گیا ہے جن کی توجہ ایک چھوٹے شہر مے فیلڈ پر ہے۔
مے فیلڈ میں فائر اور پولیس سٹیشن تباہ ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں دشواری ہوئی۔
مے فیلڈ میں موم بتیوں کی فیکٹری بھی ہے جس کی چھٹ ٹوٹ گئی۔
ایک ورکر کا کہنا تھا کہ ’ہم ہوا کی آواز سن سکتے تھے۔ پھر ایک بھاری آواز آئی اور سب کچھ ہمارے اوپر گر گیا۔‘
سوشل میڈیا پر پوسٹ ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مے فیلڈ میں اینٹوں سے بنی عمارتیں زمین بوس ہو گئیں اور ان کے باہر کھڑی گاڑیاں ملبے کے نیچے دب گئیں۔
ہوا کے بگولوں سے ریاست کینٹکی، الی نوائے، کنسا، میزوری، ٹینیسی اور مسی سپی متاثر ہوئیں۔