دبئی میں کریم سروس سے گھریلو استعمال کی اشیاء کی ترسیل
دبئی میں کریم سروس سے گھریلو استعمال کی اشیاء کی ترسیل
پیر 13 دسمبر 2021 20:29
مخصوص سٹور سے گھر تک سامان کی ترسیل صرف 15 منٹ میں کی جائے گی۔ (فوٹو ٹوئٹر)
دبئی میں اوبر ٹیکسی سروس کی ذیلی کمپنی کریم سروس کی جانب سے کوئیک کے نام سے نئی اور تیز ترین خدمات مہیا کی جا رہی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق کریم کی جانب سے فراہم کی جانے والی نئی خدمات میں دبئی میں رہنے والے افراد کے لیے گھریلو استعمال کی اشیاء کی جلد ازجلد ترسیل کو ممکن بنانا شامل ہے۔
کریم کی اپنے کسٹمرز کے لیے اس نئی سہولت میں ہائپر ڈارک سٹورزکے نیٹ ورک سے لی جانے والی خدمات کو شامل کیا گیا ہے۔
اس نئی کوئیک سروس کا مقصد روز مرہ کے استعمال کی گھریلو اشیاء کی یومیہ 24/7 ترسیل کو مستحکم بنانا ہو گا۔
سٹور سے گھرتک کسی بھی سامان کی ترسیل صرف 15 منٹ کے قلیل وقت میں کی جائے گی۔
ابتدائی طور پر اس خدمات کا آغاز دبئی کے مخصوص اور محدود علاقوں میں کیا جائے گا۔
کریم سروس کے ہیڈ آف گروسری چیس لاریو نے اظہارخیال کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کریم کسٹمر سروس میں ہم اپنے وسیع تجربے کی بدولت روزمرہ اشیاء کی ترسیل کے لیے مارکیٹ میں سپلائی چین کو بہتر طورپرخدمات فراہم کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہماری اس کوئیک سروس کا مقصد 2022 کے اوائل تک دبئی کے بیشترعلاقوں میں اپنی خدمات مہیا کرنا ہے۔ اس کے علاوہ آئندہ سال کے دوران پورے علاقے میں 100 سے زیادہ ایسے ہائپر ڈارک سٹورز بنانے کا منصوبہ ہے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کے دوران2021 میں50 فیصد سے زیادہ آن لائن گروسری مارکیٹ کا رحجان دیکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس شعبے میں کمپنیوں سے سال کے آخر تک 1.6 بلین ڈالر کی آمدنی کی توقع کی جا رہی ہے۔