سعودی جامعات میں سائنس ریسرچ کے حوالے سے 120 فیصد اضافہ
35 سعودی جامعات نے عالمی درجہ بندی میں اپنا مقام بنایا ہے(فوٹو اخبار24)
سعودی وزیر تعلیم حمد آل الشیخ نے کہا کہ’ 2021 کے دوران سعودی جامعات میں سکالرز نے سائنس ریسرچ کے حوالے سے 120 فیصد اضافہ ریکارڈ کرایا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ عرب دنیا میں 27 فیصد ریسرچ ورک کا تعلق سعودی جامعات کے سکالرز سے ہے‘۔
سعودی وزیر تعلیم نے 2021 کے دوران تعلیمی شعبے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں اور 2022 کے دوران اہداف کا جائزہ پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’سائنس ریسرچ کے شعبے میں شرح نمو 200 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔35 سعودی جامعات نے عالمی درجہ بندی میں اپنا مقام بنایا ہے‘۔
سعودی وزیر تعلیم کاکہنا ہے کہ’ مملکت میں تعلیم کےلیے 185 ارب ریال کا بجٹ مختص ہے۔ علاوہ ازیں تعلیم کے شعبے کے فروغ کےلیے نجی اقدامات کے ذریعے بھی وزارت کو مالی اعانت ملتی ہے ‘۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ’ چار لاکھ 80 ہزار سے زیادہ اساتذہ نے 30 ہزار سے زیادہ ٹریننگ کورس کیے۔ سرکاری سیکٹر میں 22.6 فیصد بچوں کے داخلوں میں اضافہ ہوا ۔ پانچ برس کی عمر میں نرسری سکولوں میں داخل ہونے والوں کی تعداد 44 فیصد بڑھ گئی‘۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ آن لائن تعلیم کا سلسلہ تعلیمی عمل کا حصہ بن چکا ہے۔ وزارت 2023 سے ثانوی سکولوں کے طلبہ کےلیے ڈیجیٹل کورس پرغور کررہی ہے۔