جنرل بپن کی ہلاکت، عہدے کا چارج جنرل نراونے نے سنبھال لیا
جمعرات 16 دسمبر 2021 7:46
جنرل بپن راوت آٹھ دسمبر کو ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت کی ہلاکت کے بعد اس عہدے کا چارج جنرل ایم ایم نراونے کو دے دیا گیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق بدھ کو چیئرمین آف دی چیفس آف سٹاف کمیٹی کے طور پر ملنے والا چارج تین سروس چیفس کے عہدوں پر مشتمل ہے۔
یہ پوسٹ آٹھ دسمبر کو چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاکت کے بعد خالی ہوئی تھی۔
جنرل نراونے کو یہ عہدہ اسی لیے سونپا گیا ہے کیونکہ تینوں سروس چیفس میں سب سے سینیئر ہیں۔
انڈین ایئر فورس کے چیف مارشل وی آر چوہدری اور بحریہ چیف ایڈمرل ہری کمار نے بالترتیب 30 ستمبر اور 30 نومبر کو سنبھالے تھے۔
چیف ڈیفس سٹاف کا عہدہ بنائے جانے سے قبل چیف آف سٹاف تینوں فورسز کے سربراہان میں سے سب سے سینیئر کو بنایا جاتا تھا۔
چیفس آف سٹاف کمیٹی کے درمیان منگل کو ملاقات ہوئی جس میں جنرل بپن راوت، ان کی اہلیہ اور گیارہ دیگر اہلکاروں کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔
ہیلی کاپٹر حادثے میں بچ جانے والے کیپٹن ورون سنگھ بھی بدھ کے روز بنگلو کے ملٹری ہسپتال میں دم توڑ گئے۔
اس دوران جنرل نراونے نے رائل سعودی فورسز کے کمانڈر فہد بن عبد اللہ ال مطیر سے ٹیلی فون پر بات چیت بھی کی۔
اس حوالے سے انڈین آرمی کا کہنا ہے کہ اس رابطے میں دو طرفہ دفاعی تعاون پر بات کی گئی۔