سعودی عرب میں 56 اقسام کے سانپ پائے جاتے ہیں (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں موسم سرما کے دوران سانپ نظروں سے اوجھل ہوجاتے ہیں۔ نایف المالکی جو سانپوں کے احوال و کوائف پر گہری نظر رکھتے ہیں، اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ سانپ سردی برداشت نہیں کرپاتے اس لیے جان بچانے کےلیے بلوں میں گھس جاتے ہیں۔
’العربیہ نیٹ‘ کے مطابق المالکی کا کہنا ہے کہ موسم سرما کے دوران مملکت کے ایسے مقامات جہاں آب و ہوا معتدل ہوتی ہے۔ دن کے وقت سورج غروب ہونے سے پہلے اپنے بلوں کے اطراف رینگتے نظر آتے ہیں۔
جیسے جیسے سردی بڑھے گی اور موسمی بارشیں زیادہ ہوں گی ویسے ویسے سانپ غائب ہوتے جائیں گے۔
المالکی نے خبردار کیا کہ بارش اور سیلاب کے زمانے میں لوگوں کو چاہئے کہ وہ محتاط رہیں۔ اس دوران سانپ پناہ گاہوں کی تلاش میں بلوں سے نکلتے ہیں اور جو ان کے راستے میں آتا ہے اسے ڈس لیتے ہیں۔
المالکی نے مزید بتایا کہ سعودی عرب میں 56 قسم کے سانپ پائے جاتے ہیں۔ زیادہ تر معتدل آب و ہوا والے مقامات پر ہوتے ہیں۔ مملکت کے مغربی ریجن سے لے کر جنوب بعید تک کے علاقے میں بسے ہوئے ہیں۔ صحرا میں بھی سانپ ہوتے ہیں لیکن ان کی تعداد کم ہوتی ہے۔