اومی کرون ویریئنٹ سے کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلے متاثر ہونے لگے
اومی کرون ویریئنٹ سے کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلے متاثر ہونے لگے
جمعہ 17 دسمبر 2021 19:25
پریمیئر لیگ کے مینیجر کی جانب سے میچز میں وقفہ کیے جانے کا مطالبہ کیا گیا ہے (فائل فوٹو: اے پی)
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث کھیلوں کی معطل سرگرمیاں طویل تعطل کے بعد بحال ہوئی ہی تھیں کہ اس کے نئے ویریئنٹ اومی کرون نے ان کو ایک بار پھر خطرات سے دوچار کردیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی اس ممکنہ خطرے کے تناظر میں آنے والے اہم ایونٹس کا جائزہ لیا ہے۔
فٹ بال، پریمیئر لیگ
برینٹ فورڈ کے مینیجر تھامس فرینک نے مختلف کلبز میں کیسز سامنے آنے کے بعد وقفے کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ آگے جا کر میچوں کی مصروفیت بڑھ جائے گی۔
دوسری جانب پریمیئر لیگ کے منتظم اور فٹ بال کے سابق کھلاڑی جرگن کلاپ نے ان سے اتفاق نہیں کیا ہے تاہم سنچیر اور اتوار کو کھیلے جانے والے پانچ میچوں کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔
افریقہ کپ آف نیشنز
ہر دو سال بعد ہونے والے اس ایونٹ کو رواں سال پہلے ہی منسوخ کیا جا چکا ہے جبکہ اب اس کا انعقاد 2022 میں کیمرون میں ہوگا تاہم اب ایک بار پھر اس کے انعقاد کے حوالے سے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔
اسی طرح یورپی فٹ بال کلبز نے بھی واضح الفاظ میں کہہ دیا ہے کہ وہ جنوبی افریقہ میں نئے ویریئنٹ کے خدشات کے پیش نظر وہاں ٹیمیں نہیں بھیجیں گے۔
پاکستان کا دورہ کرنے والی ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے متعدد کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
مارکوپولو کلب کے کوچ واحد ہلالہودزک نے اے ایف پی کو بتایا کہ انہیں خدشہ ہے کہ نو جنوری سے چھ فروری کے درمیان کھیلے جانے والے میچز نہیں ہو پائیں گے۔
69 سالہ کوچ کا مزید کہنا تھا کہ ’موجودہ صورت حال کی وجہ سے سب کچھ پیچیدہ اور مشکل ہوتا جا رہا ہے اور ایک بہت بڑا سوال موجود ہے کہ انعقاد ہو گا یا نہیں؟‘
میڈرڈ
سپین کے کئی اہم کھلاڑیوں کے ہفتے کے دوران ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، چھ کھلاڑیوں میں لوکا موڈریک اور اسسٹنٹ کوچ ڈیوائڈ بھی شامل ہیں۔
سپین کی فیڈریشن نے اتوار کے روز سے کھلاڑیوں کو روایتی طور پر ہاتھ ملانے سے بھی منع کیا ہے۔
جرمنی
کیسز سامنے آنے کے بعد باواریا کے سٹیڈیم میں آنے والوں کی تعداد بھی کم ہوئی ہے، جس میں بائرن میونخ کے علاوہ دیگر اہم کلبز بھی موجود ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد کورونا کے بڑھتے کیسز سے نمٹنا ہے۔
این بی اے
این بی اے (نیشنل باسکٹ بال ایسوس ایشن) نے رواں ماہ 52 کھلاڑیوں کو صحت کے مسائل پیدا ہو جانے کے بعد وبا سے بچاؤ کے اقدامات بڑھا دیے ہیں۔
کرکٹ، پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز
کورونا کی وجہ سے پہلے ہی ون ڈے سیریز منسوخ کی جا چکی ہے جو کہ 2023 کے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ کا حصہ تھی، اور اس کی وجہ پانچ کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنا تھی۔
حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، ان کو گھر جانے کی اجازت دینے سے قبل کراچی میں آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔
ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں کپتان پیٹ کمنز مثبت کیس والے فرد سے رابطے میں رہنے کی وجہ سے شرکت نہیں کریں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ایشز سیریز
انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی ٹیسٹ سیریز ایشز میں اس وقت انگلینڈ کے لیے فائدہ اس لیے نظر آ رہا ہے کہ اس کے بلے بازوں کو دوسرے ٹیسٹ میں پیٹ کمنز کی گیندوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ وہ اس کا حصہ نہیں ہوں گے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ کورونا کا شکار افراد کے ساتھ رابطے میں رہے ہیں۔
کمنز نے بدھ کے روز ایک ایسے ریسٹورنٹ میں کھانا کھایا جس کی ساتھ والی ٹیبل میں ایک ایسا شخص بیٹھا تھا جس کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے۔
آسٹریلین کھلاڑیوں کو کورونا کے ضوابط کے مطابق چھوٹے گروپس میں ریسٹورنٹس میں جا کر کھانا کھانے کی اجازت ہے، تاہم انہیں بھیڑ والے مقامات پر جانے سے روکا گیا ہے۔
جنوبی افریقہ میں اومی کرون کے بڑھتے کیسز کے باوجود انڈیا کی ٹیم وہاں کا دورہ کرنے جا رہی ہے (ٖفوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کا دورہ جنوبی افریقہ
انڈیا کی جانب سے جنوبی افریقہ کے دورے نے بہت سے لوگوں کو جہاں حیرت میں ڈالا ہے وہیں میزبان کرکٹ ٹیم کے لیے مسرت کا باعث بھی بنا ہے۔
اپنے قیام کے دوران کھلاڑیوں کو ایک سخت بائیو سکیور ببل میں رہنا پڑے گا۔
انڈیا جنوبی افریقہ میں بڑھتے کورونا کے نئے ویریئنٹ کے باوجود تین ایک روزہ اور تین ٹیسٹ میچ کھیلے گا، جبکہ چار ٹی 20 میچز کو شیڈول سے خارج کر دیا گیا ہے۔