15 غیر قانونی تارکین کو ٹرانسپورٹ فراہم کرنے پر شہری گرفتار
’ٹرانسپورٹ فراہم کرنے والے شہری کو 15 سال قید اور 10 لاکھ ریال تک جرمانہ ہوسکتا ہے‘ (فوٹو: سبق)
طریب کمشنری پولیس نے غیر قانونی تارکین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے پر ایک شہری کو گرفتار کرلیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق گرفتار شدہ شہری کی گاڑی میں 15 ایتھوپین تارکین پکڑے گئے ہیں۔
عسیر ریجن پولیس نے کہا ہے کہ ’مذکورہ شہری نے اپنی گاڑی میں ایسے تارکین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی ہے جو غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرکے ملک میں داخل ہوئے تھے‘۔
’طریب کمشنری میں روڈ سیکیورٹی فورس نے شک کی بنیاد پر اس کی گاڑی کو روکا تھا اور بعد ازاں تفتیش کرنے پر معلوم ہوا کہ مذکورہ افراد غیر قانونی ہیں‘۔
عسیر پولیس نے کہا ہے کہ ’غیر قانونی افراد کو ضابطے کے مطابق سزا دے کر ملک سے بیدخل کردیا جائے گا‘۔
’تاہم انہیں ٹرانسپورٹ فراہم کرنے والے شہری کو 15 سال قید اور 10 لاکھ ریال تک جرمانہ ہوسکتا ہے‘۔
پولیس نے کہا ہے کہ ’غیر قانونی تارکین کو ٹرانسپورٹ فراہم کرنا، انہیں رہائش دینا، انہیں کسی قسم کی سہولت فراہم کرنا یا ان کے ساتھ تعاون کرنا سنگین جرم ہے ‘۔