Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوم پاکستان پر تقریبات کا انعقاد مستحسن اقدام ہے

غیر قانونی پاکستانی مقیمین مہلت سے فائدہ اٹھائیں اور سفارتخانے سے رجوع کریں، محمد حسن وزیر
ریاض ِ(جاوید اقبال) سفارتخانہ پاکستان کے ناظم الامور محمد حسن وزیر نے کہاہے کہ یوم پاکستان کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد ایک انتہائی مستحسن اقدام ہے اور یہ کہ ایسے اجتماعات میں تحریک پاکستان میں ہراول دستے کا کام کرنے والے رہنماﺅں کے حالات زندگی پر بھی بات کی جانی چاہئے۔ وہ انٹرنیشنل کشمیر پریس کلب ریاض کے زیراہتمام مقامی مطعم میں منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کررہے تھے۔ صدارت کلب کے صدر سردار رزاق خان نے کی جبکہ انجینیئر محبوب الرحمان، محب گل شلمانی ، ملک جہانگیر اور ایڈوکیٹ طارق ایوب اعزازی مہمان تھے۔ عمائدین شہر کی ایک بڑی تعداد بھی اجتماع میں موجود تھی۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے محمد حسن وزیر نے کہا کہ اگر ایسی تقریبات تنظیمیں متحدہ طور پر کریں او ران میں تاریخ پاکستان کے مختلف اوراق بھی پڑھے جائیں تو حاضرین کو تشکیل پاکستان کے مختلف مراحل سے زیادہ آشنائی ہوگی۔ مملکت سے غیر قانونی مقیمین کی روانگی پر بات کرتے ہوئے پاکستانی ناظم الامور نے واضح کیا کہ ایسے لوگوں کو آسانیاں فراہم کرنے کیلئے سفارتخانے نے خصوصی شعبہ قائم کردیا ہے او ریہ کہ وہاں روزانہ ایک ہزار کے قریب افراد کو پاسپورٹ کی تجدید اور روانگی کیلئے دیگر دستاویزات کی تیاری جیسی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے پاسپورٹ سیکشن کے 3اہلکاروں شاہدریاض گجر، صدیق اکبر اور اشرف غنی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جو اپنے روانہ ہونے کے خواہشمند ہم وطنوں کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے ۔ محمد حسن وزیر نے مملکت میں غیر قانونی طورپر مقیم اپنے ہموطنوں پر زور دیا کہ وہ فوراً سفارتخانے سے رجوع کریں۔ بعدازاں اپنے جذباتی خطاب میں سردار رزاق خان نے واضح کیا کہ تشکیل پاکستان درحقیقت مدینہ منورہ کی طرز پر ایک اسلامی ریاست کا قیام تھا اور یہ کہ اس کی تکمیل تب ہی ہوگی جب کشمیر پاکستان بنے گا۔ تقریب کا آغاز حافظ محمد بلال کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ حمزہ اشرف نے نعت رسول مقبول پیش کی جبکہ فیصل منیر اورعدیل منیر نے قومی ترانہ اور عادل منیر نے ملی نغمہ پڑھا۔ نظامت کے فرائض وسیم ساجد نے ادا کئے۔ ایڈوکیٹ طارق ایوب ، سردار محمدنصیر خان ، پروفیسر خلیل الرحمان ، حافظ عرفان ، رانا خالد اکرم، پروفیسر ڈاکٹر مجاہد قائم خانی، محمد خالد رانا، بریگیڈیئر غلام رسول اور محب گل شلمانی نے بھی خطاب کیا اور یوم پاکستان کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی۔مہمان خصوصی کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی جبکہ ڈاکٹر اسد اللہ رومی، بریگیڈیئر غلام رسول اور ناصریہ اسکول کے پرنسپل طاہر رضا کو انکی خدمات پر تمغے دیئے گئے۔ عادل منیر کو قومی نغمہ پڑھنے پر ایک ہزار ریال انعام میں ملے۔ اسکے علاوہ کمیونٹی کی اعلیٰ خدمات پر دیگر 10افراد کو ستائشی اسناد دی گئیں۔
 

شیئر: