Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’روز اور جیک‘ کی ملاقات، ’ہم زندگی بھر دوست رہیں گے‘

دونوں مشہور اداکار آسکر ایوارڈ یافتہ ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
دنیا کی سب سے بڑی اور مشہور فلم انڈسٹری ہالی وڈ کے مقبول اداکاروں کیٹ ونسلیٹ اور لیونارڈو ڈی کیپریو کی دوستی وقت اور فاصلوں سے ماورا ہے۔ 
کورونا وائرس کی وبا کے باعث تقریبا تین برس بعد جب لاس اینجلس میں دونوں آسکر ایوارڈ یافتہ اداکاروں کی ملاقات ہوئی تو یہ ایک جذباتی منظر تھا۔
برطانوی اخبار گارجین کے ساتھ بات کرتے ہوئے اداکارہ کیٹ وینسلٹ نے کہا کہ ’میں اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکی۔ میں اُن کو طویل عرصے سے جانتی ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث ہم اپنے ملک سے نہیں نکل سکے اور بہت سارے دوستوں کی طرح ہم نے بھی ایک دوسرے کو یاد کیا۔
کیٹ ونسلیٹ کا کہنا ہے کہ لیونارڈو ان کے قریبی دوست ہیں اور ’ہمارا ساتھ زندگی بھر رہے گا۔‘
دونوں نے سب سے پہلے 1997 کی بلاک بسٹر فلم ٹائٹینک میں جیک اور روز کے طور پر کام کیا تھا اور 2008 میں ’ریولیوشنری روڈ‘ میں بطور میاں بیوی کام کیا۔
کیٹ ونسلیٹ نے بتایا کہ جب وہ ٹائٹینک فلما رہے تھے تو اس وقت دونوں کی عمریں کم تھیں۔
’اس شوٹ کے وقت میری عمر 21 برس کی ہو گئی تھی جبکہ لیو کی 22 برس۔‘
کیٹ ونسلیٹ کی عمر اب 46 برس جبکہ ڈی کیپریو کی عمر 47 برس ہے۔
’وہ میرا دوست ہے۔ میرا قریبی دوست۔۔۔ ہم زندگی بھر دوست رہیں گے۔‘

شیئر: