سعودی عرب میں دنیا کا سب سے بڑا اونٹ فیسٹول، 250 ملین ریال کے انعامات
اندراج کا سلسلہ 16 نومبر تک ہوگا- (فوٹو سبق)
سعودی عرب میں اونٹ فیسٹول یکم دسمبر کو شروع ہوگا جو چالیس دن سے زیادہ تک جاری رہے گا۔ یہ پوری دنیا میں اونٹوں اور ان کی جمالیات کا سب سے بڑا فیسٹول ہوگا۔
مملکت کے علاوہ خلیج سمیت مختلف عرب ممالک، امریکہ، روس اور فرانس جیسے دیگر ملکوں سے تعلق رکھنے والے اونٹوں کے مالکان شرکت کریں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اطلاعات یہ ہیں کہ میلے میں 33 ہزار تک اونٹوں کے مالکان شرکت کرنے والے ہیں۔
کیمل کلب نے شرکت کی درخواستیں وصول کرنا شروع کردی ہیں۔ یہ میلہ مملکت کے بانی شاہ عبدالعزیز سے منسوب ہے۔ مختلف قسم کے رنگوں کے 19 زمروں والے اونٹ میلے میں شامل ہوں گے۔ 250 ملین ریال کے انعامات تقسیم ہوں گے۔
تکنیکی ٹیموں نے اونٹوں کے چھٹے میلے میں شرکت کرنے والے خوبصورت اونٹوں کا جدول تیار کرلیا ہے۔
انتظامیہ نے ویب سائٹ پر اندراج کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ 16 نومبر 2021 تک اندراج ہوگا۔ اندراج کی شرائط بھی جاری کی گئی ہیں۔ مثلا ایک شرط یہ ہے کہ میلے میں وہی اونٹ شرکت کرسکیں گے جو وزارت ماحولیات و پانی و زراعت کے یہاں آن لائن رجسٹرڈ ہوں گے۔ مملکت میں 1.4 ملین اونٹوں کی رجسٹریشن ہوچکی ہے۔-
اونٹ میلہ 32 مربع کلو میٹر کے دائرے میں منعقد ہوگا۔ اس کا اہتمام ریاض سے تقریبا سو کلو میٹر دور شمال مشرق میں ہوگا۔- اس موقع پر ثقافتی اور تفریحی شو بھی ہوں گے جن میں پانچ ہزار افراد شریک ہوں گے- دنیا کے مختلف ممالک سے روزانہ کی بنیاد پر ایک لاکھ افراد میلہ دیکھنے پہنچیں گے-
میلے میں آنے کے لیے آن لائن سیاحتی ویزہ جاری ہوگا- ہوائی اڈوں، بری سرحدی چوکیوں پر بھی ویزے جاری ہوں گے- توقع ہے کہ 2022 میں پچاس ملین سیاح مملکت پہنچیں گے-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں