جبل طویق کے قیمتی پتھروں سے ولی عہد کی تصویر بنانے والی سعودی آرٹسٹ
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے الفاظ سے متاثر ہوکر سعودی آرٹسٹ سارہ الزایدی نے قیمی پتھر اور معدنیات استعمال کرتے ہوئے ولی عہد کا پورٹریٹ بنایا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سارہ الزیدی نے شہزادہ محمد بن سلمان کی تصویر پانچ ماہ کے عرصے میں مکمل کی ہے۔ اس میں استعمال ہونے والے پتھر مملکت کے شمال میں واقع پہاڑ جبل طویق سے اکھٹے کیے تھے۔
’ہمت الجبل‘ پورٹریٹ ولی عہد کے ایک تبصرے سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا تھا کہ سعودی عرب کے لوگوں کا ہمت و حوصلہ جبل طویق جیسا ہے۔
جبل طویق ایک طویل ڈھلوان ہے جو وسطی عرب کے سطح مرتفع نجد سے گزرتی ہے۔ 800 کلومیٹر طویل جبل طویق ریاض کے شمال مغربی علاقے قسیم ریجن سے جنوب میں الربع الخالی تک پھیلا ہوا ہے۔
جبل طویق کے گرد موجود وادیوں میں کئی صدیوں پہلے لوگوں کے گھر ہوا کرتے تھے۔ اب اس پہاڑ کو ہائیکرز اور گھومنے پھرنے کے شوقین افراد کے لیے تفریحی مقام کا درجہ دے دیا گیا ہے۔
سارہ الزایدی اپنے مخصوص ہنر کے لیے امبر، کوارٹج اور اوبسیڈیئن جیسے قیمتی پتھر جمع کرتی ہیں جنہیں وہ سیپیوں کے خول اور لکڑی کے ٹکڑوں کے ساتھ استعمال کرتے ہوئے موزیک جیسے فن پارے بناتی ہیں۔